ریشماں نے بھارتی فرمائش پر پاکستان چھوڑنے سے انکار کیا

لاہور: اپنی خدا داد آوازوں سے لاکھوں مداحوں کے دلوں پر راج کرنے والی برصغیر پاک وہند کی ’’بلبل صحرا‘‘ عظیم گلوکارہ ریشماں 1947ء میں اسکالر راجھستان میں پیداہوئیں۔ ان کے والد حاجی مشتاق اونٹ اور گھوڑوں کی خریدوفروخت کے کاروبار سے وابستہ تھے۔ ریشماں کا قبیلہ مشرف بہ اسلام ہوا تھا اور 1947ء میں پاکستان کے معرض وجود میں آنے کے بعد پاکستان آگیا اور کراچی میں سکونت اختیار کرلی ۔ ریشماں نے کوئی رسمی تعلیم حاصل نہیں کی ، عظیم گلوکارہ نے اپنے بچپن کا زیادہ تر حصہ صوفیا کرام کے مزارات پر گا کر گزارا ۔قسمت کی دیوی ریشماں پر اس وقت مہربان ہوئی جب وہ بارہ سال کی عمر میں شہباز قلندر کے مزار پر سروں کے ساز بکھیر رہی تھیں تو ریڈیو اور ٹی وی کے ایک پروڈیوسر نے ان کی آواز سے متاثر ہوکر ریڈیو پاکستان کے لیے ’’لعل میری‘‘ ریکارڈ کرایا۔ ریشماں اسی دن سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئیں۔ ’’بلبل صحرا‘‘ پاکستان اور بھارت کی فلم انڈسٹری کے ساتھ ساتھ ملکی اور عالمی سطح پر اپنی آواز کا جادو جگایا اور خوب پذیرائی حاصل کی ۔ ریشماںمسلسل بیس سال تک پیر مشتاق حسین اور پیر شفاقت حسین کے ہاں اوکاڑہ میں حاضری دیتی رہی ۔ریشماں نے اپنے ایک انٹرویو میں بتایا کہ ’’میری پیدائش راجھستان کی سوداگر فیملی میں ہوئی ۔مجھے میری تاریخ پیدائش کے بارے میں کچھ نہیں پتہ ، ہاں والدین بتاتے ہیں کہ جب مجھے 1947ء میں پاکستان لایا گیا تو اس میری عمر چند ماہ تھی ۔ میرا تعلق خانہ بدوش خاندان سے ہے ہم ہمیشہ محو سفر رہتے ہیں اگرچہ اب ہمارے خاندان میں سے اکثر لاہور اور کراچی میں سکونت اختیار کرچکے ہیں مگر پھر بھی جب ہم بے سکونی محسوس کرتے ہیں اپنا سامان لے کر انجانی راہوں پر چل پڑتے ہیں۔ ریشماں کے مشہور گانوں میں ’’دما دم مست قلندر‘‘، ’’ہائے او ربا نیئں اولگدا دل میرا ‘‘، ’’سن چرخے دی مٹھی مٹھی کوک ‘‘، ’’میں چوری چوری تیرے نال لالیاں اکھاں‘‘ ، ’’اکھیاں نو رہن دے ‘‘ سمیت دیگر ان گنت مقبول شامل ہیں ۔ بھارتی وزیراعظم اندرا گاندھی نے ریشماں کی آوازسے متاثر ہو کر ان سے ملاقات کی ۔ بھارتی حکومت کی طرف سے ریشماں کو بھارت میں رہائش اختیار کرنے کا کہا گیا مگر ریشماں نے کہا کہ وہ پاکستان کو چھوڑنے کا سوچ بھی نہیں سکتیں۔ ریشماں 1980ء میں کینسر کے مرض میں مبتلا ہوئیں۔ سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف نے دس ہزار روپے ماہانہ وظیفہ جاری کیا اور پلاٹ دینے کا بھی اعلان کیا تھا ۔ریشماں کو اس کی گراں قدر خدمات پر ستارئہ امتیاز کے اعزاز سے بھی نوازا گیا ہے اور ان دنوں وہ علالت کی وجہ سے گا نہیں سکتیں جن کی جلد صحت یابی کے لیے پرستار دعا گو ہیں۔

تبصرے بند ہیں.