کراچی: پرواز سے قبل ہی شاہینوں کے پر جھڑنے لگے، تجربہ کار آل راؤنڈرز عبد الرزاق اور شعیب ملک ان فٹ ہونے کے باعث جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز سے آؤٹ ہوگئے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ مینجمنٹ نے دونوں کا متبادل طلب نہیں کیا،ذرائع کا کہنا ہے کہ دستیاب 13کھلاڑیوں میں سے ہی پلیئنگ الیون کا انتخاب کرنا ہوگا یا پھر ون ڈے کپتان مصباح الحق کو شامل کرکے اسکواڈ متوازن بنانے کی کوشش کی جائے گی، بعض حلقے یہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ مصباح کو ٹی ٹوئنٹی میں واپس لانے کیلیے ہی انجرڈ شعیب کو پروٹیز کے دیس لے جانے کا موقع فراہم کیا گیا، دوسری جانب منیجر معین خان نے کہا کہ مصباح اور اسد شفیق کو پہلے میچ میں کھلانے کا امکان نہیں ہے۔ تفصیلات کے مطابق یواے ای میں ناکامی کے بعد دورئہ جنوبی افریقہ کیلیے 17 رکنی اسکواڈ میں شعیب ملک اور عبد الرزاق کو بھی برقرار رکھا گیا تھا، منگل کو دونوں کے ان فٹ ہونے کی اطلاعات سامنے آگئیں۔ ذرائع کے مطابق جوہانسبرگ میں پریکٹس کے دوران شعیب ملک کی دبئی ٹوئنٹی 20میچ کے دوران زخمی ہونے والی انگلی پر دوبارہ چوٹ لگ گئی، پی سی بی کی پریس ریلیز کے مطابق سفر کی وجہ سے ان کی تکلیف بڑھی، عبدالرزاق نیٹ سیشن کے دوران ہیمسٹرنگ انجری کا شکار بنے، ان مسائل کے باعث اب دونوں آل رائونڈرز سیریز کے کسی میچ میں حصہ نہیں لے سکیں گے، ٹور سلیکشن کمیٹی نے ٹیم ڈاکٹر اور جنوبی افریقی معالج سے مشاورت کے بعد انھیں فوری طور وطن واپس روانہ کرنے کا فیصلہ کر لیا، بورڈ کے مطابق مینجمنٹ نے دونوں کھلاڑیوں کا متبادل طلب نہیں کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ 2 پلیئرز سے محرومی کے سبب پلیئنگ الیون منتخب کرنے کیلیے ہنگامی بنیادوں پر کچھ تجاویز پر غور کیا جا رہا ہے، محمد حفیظ کی قیادت میں 13کھلاڑی جوہانسبرگ میں موجود ہیں، ان میں سے ہی ٹیم کا انتخاب کرنا ہوگا۔
تبصرے بند ہیں.