پشاور: خیبر پختون خوا میں حکومت بنانے کیلئے سیاسی جماعتوں کے درمیان جوڑ توڑ جاری ہے۔ مسلم لیگ ن کی طرف سے تحریک انصاف کے مینڈیٹ تسلیم کیے جانے کے بعد صوبے میں تحریک انصاف کی حکومت بننے کے واضح امکانات ہوگئے ہیں۔ وزارت اعلیٰ کے معاملے پر تحریک انصاف کے پرویز خٹک اور اسد قیصر کے درمیان سرد جنگ شدت اختیار کرگئی ہے۔ جماعت اسلامی کی طرف سے تحریک انصاف کے ساتھ حکومت بنانے کے اتفاق کے بعد صوابی کے ترائی خاندان سمیت کئی آزاد امیدواروں نے تحریک انصاف کو گرین سگنل دے دیا ہے جس کا باقائدہ اعلان آج متوقع ہے۔ عوامی نیشنل پارٹی نے چار نشستوں کے ساتھ اپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ کرلیا ہے جبکہ پیپلز پارٹی کی مشاورت جاری ہے۔ تحریک انصاف کے رہنماوٴں کی طرف سے قومی وطن پارٹی کے رہنماوٴں اور آزاد امیدواروں کے ساتھ ملاقاتیں جاری ہیں اور معاملات کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔ دوسری جانب جمعیت علماء اسلام ف نے بھی قومی وطن پارٹی، پیپلزپارٹی، جماعت اسلامی اور آزاد امیدواروں کے ساتھ رابطے تیز کردیئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے خود امیر جماعت اسلامی منور حسن سے بات کی اورخبیر پختون خواہ میں حکومت سازی کے حوالے سے بات چیت کی ہے۔
تبصرے بند ہیں.