Latest National, International, Sports & Business News

جنوبی پنجاب میں 2.5 ارب روپے کا شجرکاری منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ

لاہور:حکومتِ پنجاب نے ڈیرہ غازی خان سمیت جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع میں بڑے پیمانے پر شجرکاری منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ذرائع کے مطابق ڈی جی خان فاریسٹ سرکل میں موجود خالی جنگلاتی اراضی پر 2 ارب 50 کروڑ روپے مالیت کی شجرکاری کی جائے گی، منصوبے کے تحت پنجاب میں 7 ہزار 249 ایکڑ خالی جنگلاتی زمین کو سرسبز بنانے کی تجویز دی گئی ہے۔حکومت پنجاب کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ ماحولیاتی آلودگی، بڑھتے ہوئے درجہ حرارت اور موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا، اس کے علاوہ دریائی جنگلات پر قبضوں کی روک تھام کے لیے خالی اراضی پر فوری شجرکاری کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔حکام کے مطابق ڈی جی خان فاریسٹ سرکل پنجاب کے 57 فیصد دریائی جنگلات پر مشتمل ہے، جس کے باعث اس علاقے کو منصوبے میں خصوصی اہمیت دی گئی ہے، مجوزہ منصوبے کے تحت ڈیرہ غازی خان، راجن پور، مظفرگڑھ، لیہ اور کوٹ ادو میں شجرکاری منصوبہ شروع کرنے کی دی گئی ہے۔منصوبے میں آبپاشی کے مؤثر نظام کے لیے شمسی توانائی سے چلنے والے ٹیوب ویلز کی تنصیب بھی شامل ہے، جبکہ مقامی ماحول سے مطابقت رکھنے والی اقسام کے درخت مثلاً شیشم، کیکر، نیم، بیری اور شہتوت لگانے کی تجویز دی گئی ہے۔حکومت پنجاب کے مطابق منصوبے کا بنیادی مقصد کاربن ذخیرہ بڑھانا، سموگ کی شدت میں کمی لانا، گرمی کی بڑھتی ہوئی لہر کے اثرات کم کرنا اور ماحول دوست اقدامات کو فروغ دینا ہے، منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف جنگلاتی رقبے میں اضافہ ہوگا بلکہ ماحولیاتی تحفظ اور قدرتی وسائل کے استحکام میں بھی مدد ملے گی۔

تبصرے بند ہیں.