جنوبی افریقہ کو2 لاکھ ٹن چاول فروخت کرینگے، ایکسپورٹرز
کراچی: رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان نے اری 6 چاول کی نئی فصل سے جنوبی افریقہ کی مارکیٹ میں2 لاکھ ٹن چاول برآمد کرنے کا ہدف مقررکرلیا ہے۔ ملک میں نومبر2013 تک اری6 چاول کی نئی فصل کی آمد شروع ہوجائے گی اور توقع ہے کہ رواں سیزن میں 4 لاکھ ٹن اری 6 چاولکی پیداوارحاصل ہوگی۔ رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین جاوید غوری نے بتایا کہ رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے 8 رکنی وفد کا دورہ جنوبی افریقہ انتہائی کامیاب رہا ہے، جہاں پاکستانی چاولوں کو ذائقے کے اعتبارسے زبردست پذیرائی حاصل ہے لیکن رواں سال پاکستان سے جنوبی افریقہ کے لیے بمشکل 3.5 سے 4 ہزار ٹن چاول کی برآمدات ہوسکی۔ انہوں نے بتایا کہ حالیہ دورے میں پاکستانی چاولوں کی جارحانہ مارکیٹنگ کی گئی اور وہاں کے ڈپارٹمنٹل اسٹورز کے سربراہان سے ملاقاتیں کرکے پاکستانی برانڈڈ چاولوں اور اقسام سے متعلق آگہی دی گئی۔ جاوید غوری نے بتایا کہ جوہانسبرگ میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر ضیغم الدین اور کمرشل قونصلر قمرزمان نے پاکستانی وفد کی آمد سے قبل ہی جنوبی افریقہ کی چاولوں کی مارکیٹ سے متعلق تحقیق کی اور وہاں کے سرفہرست چاولوں کے درآمدکنندگان کے ساتھ وفد کے ممبران کے اجلاس منعقد کرائے۔ انہوں نے بتایا کہ شعبہ جاتی بنیادوں پر اگر بیرونی منڈیوں میں اپنی مدد آپ کے تحت جارحانہ مارکیٹنگ کی جائے تو پاکستان سے چاول سمیت دیگر مصنوعات کی برآمدات کے حجم کو ریکارڈ سطح تک بڑھانا ممکن ہے، جنوبی افریقہ کی مارکیٹ میں اری 6 کے علاوہ باسمتی چاولوں کی بھی وسیع کھپت ہے، حالیہ دورے میں جنوبی افریقہ کے نئے خریداروں سے بھی تعارف ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ مالی سال2011-12 کے دوران پاکستان سے جنوبی افریقہ کے لیے مجموعی طور پر 1.5 لاکھ ٹن چاول برآمد کیا گیا تھا ۔
تبصرے بند ہیں.