موٹرسائیکل اسپیئر پارٹس پر کسٹم ڈیوٹی میں کمی کا مطالبہ

کراچی: آل پاکستان موٹرسائیکل اسپیئر پارٹس امپورٹرز اینڈ ڈیلرز ایسوسی ایشن (اے ماسپیڈا) کے سرپرست اعلیٰ، سابق چیئرمین اور سابق جنرل سیکریٹری فیصل خلیل نے کہا ہے کہ نواز شریف کا پاکستان میں ایک بار پھر وزیراعظم منتخب ہونا بزنس کمیونٹی کے لیے خوش آئند ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے دوبارہ وزیر اعظم نتخب ہونے سے موٹرسائیکل اسپیئر پارٹس امپورٹرز اینڈ ڈیلرز کے عرصہ دراز سے موجود مسائل نہ صرف حل ہونگے بلکہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں موٹرسائیکل اسپیئر پارٹس پر عائد ایڈیشنل ڈیوٹی کو ختم اور کسٹم ڈیوٹی کی شرح کم کی جائے گا تاکہ ملک کے غریب اور متوسط طبقے کے عوام کو انکی سستی سواری کے لیے سستے پارٹس دستیاب ہوسکیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار موٹرسائیکل اسپیئر پارٹس امپورٹرز اینڈ ڈیلرز کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔اس موقع پرکامرن سلیمان، احسن شکیل اور زاہد منظوربھی موجود تھے۔ انھوں نے کہا کہ اس وقت موٹر سائیکل کی پاکستانی مارکیٹ میں ملائیشیا، چین اور ویتنام سے درآمد کیے جانے والے معیاری پارٹس نہ صرف پسند کیے جارہے ہیں بلکہ ان ممالک کے پارٹس گاڑیوں کی لائف بھی بڑھاتے ہیں لیکن اگر حکومت درآمدی ڈیوٹی اور ایڈیشنل ڈیوٹی کے مسائل حل کرے تو پھر پاکستان میں موٹرسائیکل پارٹس انتہائی کم قیمت پر دستیاب ہو سکتے ہیں۔ فیصل خلیل نے کہا کہ موٹر سائیکل اسپیئر پارٹس کی اسمگلنگ کے باعث حکومتی محصولات میں مسلسل کمی سے ملکی معیشت کو شدید خطرات لاحق ہیں۔

تبصرے بند ہیں.