غیر ملکی بر رساں ادارے کے مطابق جنوبی افریقا کے شہر ڈربن میں ایک زیر تعمیر شاپنگ مال منہدم ہونے سے ایک شخص ہلاک جبکہ درجنوں افراد ملبے تلے دب گئے۔ لوگوں کو نکالنے کیلئے امدادی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ پولیس کی ترجمان مینڈی گوویندر کے مطابق 26 افراد کو ملبے کے نیچے سے نکال لیا گیا ہے۔ ملبے تلے دب جانے والوں میں سے بیشتر مزدور ہیں۔ خصوصی آلات کی مدد سے ملبے میں ایسے تین مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں لوگ دبے ہو سکتے ہیں۔ فائبر آپٹک کیبلز داخل کر کے یہ پتہ چلانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ آیا وہاں کوئی شخص زندہ ہے۔ یہ حادثہ منگل کو مقامی وقت کے مطابق سہ پہر ساڑھے چار بجے ڈربن کے شمال میں 25 کلومیٹر پر واقع قصبے تونگات میں پیش آیا۔ فوری طور پر حادثے کی وجہ کا پتہ نہیں چل سکا۔ زخمیوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے ہسپتال پہنچایا گیا ہے۔ رات کے وقت امدادی کارروائیوں کے تناظر میں جائے حادثہ کو فلڈ لائٹس کے ذریعے روشن کیا گیا ہے۔ ملبے کے نیچے دبے لوگوں کی نشاندہی کے لیے کتے بھی استعمال کیے جا رہے ہیں۔
تبصرے بند ہیں.