تیاریوں کی جانچ کے پاکستانی پلان پر پانی پھر گیا

برمنگھم: چیمپئنز ٹرافی کیلیے تیاریوںکی جانچ کے پاکستانی پلان پر پانی پھرگیا، بارش نے سری لنکا سے وارم اپ میچ میں ٹاس تک کرنے کی مہلت نہ دی۔ امپائرز نے پچ کا کئی بار معائنہ کرنے کے بعد ڈے نائٹ مقابلہ ختم کردیا، گرین شرٹس اب جمعے کو لندن میں اوول گراؤنڈ پر ٹریننگ کریں گے، چیمپئنز ٹرافی سے قبل ہتھیاروں کی آزمائش کیلیے جنوبی افریقہ کیخلاف پیر کو شیڈول پریکٹس میچ آخری موقع ہوگا، ادھر فکسنگ کے چھینٹوں سے داغدار بھارتی ٹیم کو بھی بارش کے باعث آؤٹ ڈور ٹریننگ سے محروم ہونا پڑا، ہفتے کو اس کا سامنا سری لنکا سے ہوگا، آسٹریلیا کارڈف میں ویسٹ انڈیز کیخلاف وارم اپ میچ کھیلے گا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے درمیان وارم اپ میچ بارش کی نذر ہوگیا، موسم نے ٹاس تک کرنے کی مہلت نہیں دی، یہ میچ ایجبسٹن میں ڈے اینڈ نائٹ منعقد ہونا اور اسے براہ راست نشر کرنے کا بھی اہتمام کیا تھا مگر یہ تمام تیاریاں دھری رہ گئیں، گرین شرٹس کے لیے بھی یہ میچ کافی اہمیت کا حامل تھا، اس میں نہ صرف مصباح الحق الیون کو اپنی چیمپئنز ٹرافی کیلیے تیاریوں کی جانچ کرنا تھی بلکہ خود کو اچھی طرح مقامی کنڈیشنز سے بھی ہم آہنگ کرنا تھا، بھارت کے خلاف چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کا 15 جون کو مقابلہ بھی اسی گراؤنڈ پر ہی طے ہے، اب گرین شرٹس رخت سفر باندھ کر لندن پہنچیں گے جہاں پر جمعے کی دوپہر اوول میں پریکٹس کرنی ہے۔

تبصرے بند ہیں.