فرنچ اوپن ٹینس:سابق چیمپئن لینا کی چھٹی ہو گئی

پیرس: ولیمز سسٹرز فرنچ اوپن ٹینس کے ڈبلز ایونٹ سے باہر جبکہ سنگلز میں سابق چیمپئن لینا کی چھٹی ہو گئی،وکٹوریا آذرنیکا کامیاب رہیں،مینز سنگلز میں نووک جوکووک تیسرے راؤنڈ میں پہنچ گئے۔ تفصیلات کے مطابق وینس اور سرینا نے 3 برس میں پہلی مرتبہ رولینڈ گیروس پر ساتھ کھیلنے کا منصوبہ بنایا تھا، ٹورنامنٹ میں انھیں وائلڈ کارڈ اینٹری اور 12 ویں سیڈنگ ملی،1999 میں سال کے دوسرے گرینڈ سلم ایونٹ جیتنے کے بعد ان دونوں کے ایک ساتھ کھیلنے کا یہ چوتھا موقع تھا، 1999 اور 2010 میں انھوں نے مارٹینا ہنگز اور اینا کورنیکووا کی جوڑی کو شکست دی تھی۔ سال کے بیشتر حصے میں کمر کے درد میں مبتلا رہنے والی وینس رولینڈ گیروس پر پہلے راؤنڈ میں ہی پولینڈ کی ارسزلاریڈوانسکا سے ہار چکی ہیں، اب ڈبلز میں حصہ ہی نہیں لی سکیں، یوں روس کی آلا کدریاوٹسیوا اور آسٹریلوی اناستاسیا روڈیونووا کی جوڑی بغیر کھیلے براہ راست دوسرے راؤنڈ میں پہنچ گئی۔دریں اثنا ویمنز سنگلز میں چین کی واحد گرینڈ سلم سنگلز چیمپئن لینا کو امریکن بیتھانی میٹک سینڈز نے 5-7, 6-3 اور 6-2 سے زیر کرلیا،تھرڈ سیڈ وکٹوریا آذرنیکا نے پہلے سیٹ کی غلطی پر قابو پاکر فتح حاصل کرلی، انھوں نے جرمنی کی انیکا بیک کو 6-4, 6-3 سے ہرایا۔ دیگر میچز میں جمہوریہ چیک کی 7 سیڈ پیٹرا کویٹووا نے چین کی پینگ شوئی، امریکی 17 سیڈ سلونے اسٹیفنز نے ہم وطن وانیا کنگ، آسٹریلیا کی 9 سیڈ سمانتھا اسٹوسر نے فرانس کی کرسٹینا ملاڈینووک اور سربیا کی 18 سیڈ جیلینا جینکووک نے اسپین کی گاربائن بلانکو کو قابو کیا۔ ادھر مینز سنگلز کے دوسرے راؤنڈ میں سربیا کے عالمی نمبر ایک نووک جوکووک نے باآسانی ارجنٹائن کے گیڈو پیلا کو 6-2, 6-0 اور6-2 سے پچھاڑدیا۔ دیگر میچز میں جاپان کے 13 سیڈ کائی نشکوری نے سلووینیا کے گریگا زمیلجا اور بلغاریہ کے گریگور دیمیترو نے فرانس کے لوکا پوویلی کو شکست دی، جرمنی کے 16 سیڈ فلپ کوہل شریبر کو تائیوان کے لو ین ہسون پر واک اوور مل گیا۔

تبصرے بند ہیں.