Latest National, International, Sports & Business News

بیرسٹر سلمان صفدر کا جیل میں ملاقات کے بعد بشریٰ بی بی سے متعلق پہلا بڑا انکشاف

اسلام آباد:بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی سے جیل میں ملاقات کے بعد بیرسٹر سلمان صفدر کا بیان حلفی سامنے آگیا۔بیرسٹر سلمان صفدر نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بیان حلفی اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرا دیا جس میں انکا کہنا تھا کہ 31 اکتوبر اڈیالہ جیل حکام نے اطلاع دی 2 نومبر کو دن ساڈھے 3 بجے میری بانی اور بشری بی بی سے ملاقات طے ہے، ملاقات شام 4 بجے شروع ہوئی تقریباً 40 منٹ تک جاری رہی۔سلمان صفدر کے مطابق ملاقات کے دوران بشریٰ بی بی نے غیر معمولی طور پر گہرے سیاہ رنگ کے چشمے پہن رکھے تھے، میرے اور بانی پی ٹی آئی کے کہنے پر جب انہوں نے چشمہ اتارا تو بظاہر شدید پریشانی میں دکھائی دیں، بشری بی بی نے بتایا وہ نہ تو سورج کی روشنی برداشت کر سکتی ہیں نہ ہی مصنوعی روشنی۔سلمان صفدر کے مطابق بشری بی بی نے بتایا کہ (بغیر چشمے کے) وہ اپنی آنکھیں بھی نہیں کھول سکتیں، بشریٰ بی بی کی آنکھوں کی حالت انتہائی نازک دکھائی دے رہی تھی، مجھے محسوس ہوا کہ بشری بی بی کی بینائی شدید متاثر ہو چکی ہے۔ بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی بھی ان کی بگڑتی بینائی سے متعلق واضح پریشان دکھائی دے رہے تھے، بشریٰ بی بی نے بتایا معائنے کے لیے آنے والے ڈاکٹروں نے ان کی بیماری کو مچیور کیٹریکٹ قرار دیا ہے ، بشری بی بی کے مطابق ان کو ڈاکٹرز نے کہا 15 نومبر کے قریب ان کی آنکھوں کا ایک اور آپریشن کرنا ہوگا۔بیان حلفی میں مزید کہا گیا کہ بشریٰ بی بی نے جیل میں صفائی کے معیار اور انہیں فراہم کیے جانے والے علاج پر عدم اطمینان کا اظہار کیا، بشری بی بی نے درخواست کی ان کا معائنہ اور علاج ان کے اپنے ڈاکٹروں سے کروایا جائے، میں نے انہیں یقین دہانی کروائی کہ میں یہ معاملہ اٹھاؤں گا اور عدالت کے نوٹس میں لاؤں گا۔دریں اثنا بشریٰ بی بی نے مکمل میڈیکل ریکارڈ عدالت میں پیش کرنے کی متفرق درخواست کردی جس میں انہوں نے فوری طور پر ماہر امراضِ چشم سے معائنے کی استدعا کی ہے۔درخواست میں کہا گیا کہ ماہر امراضِ چشم اور جیل میڈیکل افسر سے فوری طبی مشاورت کی جائے، بشریٰ بی بی کی آنکھوں کی حالت تیزی سے خراب ہو رہی ہے۔درخواست بیرسٹر سلمان صفدر اور خالد یوسف چوہدری کے ذریعے دائر کی گئی۔

تبصرے بند ہیں.