بریک فیل ہونے پر گاڑی کو کیسے روکا جائے؟

ذرا سوچیں، آپ گاڑی پر 80 کلومیٹر کی رفتار سے جا رہے ہیں اور جب آپ بریک لگائے تو وہ کام نہیں کریں، ایسا کسی بھی وقت کسی کے ساتھ بھی ہو سکتا ہے۔ایسی صورتحال سے نکلنے کیلئے بہت کم ڈرائیور ہوں گے جو جانتے ہیں کہ اگر گاڑی کے بریک فیل ہو جائیں تو کیا کرنا ہے ؟جبکہ زیادہ تر لوگ گھبرا جائیں گے اور اس کے نتیجے میں حادثہ ہونے کا خطرا بڑھ سکتا ہے۔ اسی لیے آج ہم آپ کو بتا رہے ہیں کہ چلتی گاڑی کے بریک فیل ہونے کی صورت میں کیا اقدامات کرنے چاہییں تاکہ حادثے سے بچا جا سکے۔

سب سے پہلے آپ نے گھبرانا نہیں ہے

گاڑی کے بریک فیل ہونے کا معلوم ہوتے ہی اکثر لوگ گھبرا جاتے ہیں۔ آپ کو ایسا نہیں کرنا،کیوں کہ گھبراہٹ صورتحال کو مزید بے قابو کر دیتی ہے۔ اس لیے بہتر ہے کہ آپ پرسکون رہیں اور نیچے بتائے گئے اقدامات پر عمل کریں۔

گاڑی میں لگی ہوئی پارکنگ لائٹس آن کریں

گاڑی کی پارکنگ لائٹس صرف ایمرجنسی کی صورت میں استعمال کی جاتی ہیں اس لیے بریک فیل ہونے کی صورت میں فوراً پارکنگ لائٹس آن کریں تاکہ اس سے پیچھے والی گاڑی کو پتہ چل سکے کہ آپ کی گاڑی میں کوئی مسئلہ ہے۔

گیئر تبدیل کریں

بریک فیل ہونے کی صورت میں گاڑی کے گیئر تبدیل کرنا شروع کردیں ۔ جب گاڑی کے گیئر کم (پانچویں سے چوتھے) کیے جاتے ہیں تو اس کی رفتار کم ہو جاتی ہے۔ آپ مینوئل گاڑی میں بھی یہی کرسکتے ہیں۔

ذہن میں رکھیں کہ آپ کو ایک ایک کرکے گیئرز تبدیل کرنے ہوں گے، یعنی اگر گاڑی 5 ویں گیئر میں ہے تو پہلے اسے چوتھے گیئر پر لے جائیں پھر تیسرے اور ایسے ہی دوسرے، البتہ گیئر کو فوراً پہلے یا دوسرے میں تبدیل کرنے سے انجن کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

گاڑی کو سڑک کی سائیڈ پر چلائیں

گیئر کم کرنے کے بعد آپ گاڑی کو سڑک کی فاسٹ لین سے سائیڈ پر لے آئیں۔ درمیان میں گاڑی چلانا حادثے کا سبب بن سکتا ہے۔

ایمرجنسی ہینڈ بریک استعمال کریں

گاڑی سائیڈ میں کرنے کے بعد آپ کو ہینڈ بریک کا استعمال کرنا چاہیے لیکن اس بات کا خیال رکھیں کہ اسے آہستہ، آہستہ لگائیں۔ تیز رفتار گاڑی پر ہینڈ بریک بہت تیز لگانے سے گاڑی پھسل سکتی ہے اورحادثہ ہوسکتا ہے۔

تبصرے بند ہیں.