بالی ووڈ اداکار سنجے دت کو جیل سے گھر جانے کی اجازت مل گئی

پونے: گزشتہ 4 ماہ سے بھارتی جیل میں 1993 کے ممبئی دھماکوں کے کیس میں سنائی گئی سزا کاٹنے والے بالی ووڈ اداکار سنجے دت کو 10 دن کے لیے گھر جانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ جیل حکام نے سنجے دت کو ٹانگ کی تکلیف کے بعد علاج کی غرض سے 10 روز کےلئے گھر جانے کی اجازت دے دی ہے اور جیل حکام نے اس حوالے سے تصدیق بھی کردی ہے۔ رپورٹس کے مطابق سنجے دت پونے کی یروادا جیل سینٹرل جیل سے اپنے ایک دوست کے ذاتی جہاز میں ممبئی کے لیے روانہ ہوں گے جہاں وہ اپنا علاج کرائیں گے۔ فلمی صنعت سے وابستہ سنجو بابا کے دوستوں نے بھی مختصر وقت کے لیے ان کے گھر آنے پر خوشی کا اظہار کیا اور اور کہا ہے کہ وہ اس دوران سنجے دت کو مکمل طور پراپنی فیملی اور بچوں کے ساتھ یہ وقت گزارنے کا موقع دینا چاہتے ہیں۔ واضح رہے کہ سنجے دت کو 1993 کے بم دھماکوں میں ملوث ملزمان کا اسلحہ گھر میں چھپانے کے جرم میں 2006 میں ٹاڈا عدالت کی جانب سے 6 سال کی سزا سنائی گئی تھی جو رواں سال مارچ میں سپریم کورٹ کی جانب سے کم کر کے 5 سال کر دی گئی تھی۔

تبصرے بند ہیں.