ایک سال میں 7 ایوارڈ؛ عمائمہ ملک نے اندرون اور بیرون ملک کامیابی کے ریکارڈ قائم کردیئے

لاہور: معروف اداکارہ وماڈل عمائمہ ملک نے ایک برس کے دوران کامیابی کے نئے ریکارڈقائم کردیے۔ ملک اوربیرون ممالک سے 7 ایوارڈ اوراعزازات حاصل کرنے والی پہلی پاکستانی اداکارہ بن گئیں۔ اپنے مختصرفنی سفرکے دوران عمائمہ ملک نے بہت سی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ ایک طرف تو انھوں نے برطانیہ اور امریکا میں بہترین اداکاری کے بل پر بالی وڈ کی ورسٹائل اداکارہ شبانہ اعظمی، ودیا بالن، ہماقریشی اورفریدہ پنٹوکومات دی تو دوسری جانب انھیں پاکستان میں انٹرنیشنل برانڈز نے بہت سے اعزازات سے بھی نوازا ہے۔ حال ہی میں کراچی میں منعقدہ کاسمیٹک برانڈ کی طرف سے سال کی پرکشش لڑکی کا انتخاب کیا گیا۔ اس کیٹگری میں عمائمہ ملک، ماہرہ خان،عائشہ خان اورایان شامل تھیں۔ اس مقابلے میں جیوری نے عمائمہ ملک کو منتخب کرتے ہوئے ’’بیوٹی آف دی ایئر‘‘ کے ایوارڈ اوراعزاز سے نوازا۔ اسی طرح مختلف برانڈز نے بھی عمائمہ ملک کی مقبولیت کومدنظررکھتے ہوئے انھیں اپنا برانڈ ایمبیسڈرمقررکیا ہوا ہے۔ یہی نہیں ان کی کامیابی کے چرچے ہمارے پڑوسی ملک بھارت تک پہنچے توانھیں بالی وڈ سے فلموں کی آفرز شروع ہوگئیں۔ ان کی نئی فلم ’’شیر‘‘رواں برس کے آخر میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔ ایک برس میں کامیابیوں کے ریکارڈ قائم کرنے والی عمائمہ ملک نے خصوصی انٹرویودیتے ہوئے کہا کہ میں نے بچپن سے ایک ہی بات سیکھی ہے کہ کامیابی اسی شخص کو ملتی ہے جواپنا کام محنت ، لگن سے کرے۔ یہی میرا فارمولا ہے اوراس کے ساتھ میری فیملی اورچاہنے والوں کی دعائیں ہیں جن کی بدولت میں مختصر سے عرصے میں اس مقام پرہوں۔ خود یقین نہیں ہوتا کہ صرف ایک برس کے دوران اتنے سارے انٹرنیشنل ایوارڈ اور اعزازات مجھے مل چکے ہیں۔ امریکا میں ہونیوالے ایک فلم فیسٹیول میں جب میری اداکاری کوورسٹائل اداکارہ شبانہ اعظمی، ودیا بالن اورفریدہ پنٹوسے زیادہ سراہتے ہوئے جیوری نے ایوارڈ کااعلان کیا تومیں حیران رہ گئی۔ اس کی بڑی وجہ شبانہ اعظمیٰ تھیں، وہ باکمال فنکارہ ہیں۔ میں ان کی اداکاری سے بے حد متاثر تھی، مگر کبھی نہیں سوچا تھا کہ ایک دن میرا مقابلہ انھی کے ساتھ ہوگا اور مجھے کامیابی ملے گی۔ لیکن یہ توابتداء ہے آگے آگے دیکھئے ہوتا ہے کیا۔ کیونکہ میری منزل یہ نہیں بلکہ کچھ اور ہے۔مجھے صرف نیک نیتی کے ساتھ اپنا کام کرنا ہے اور ہر طرح کے سکینڈلز سے بچ بچا کے ایسا کام کرنا ہے جو میری پہچان بنے اوراس کے ساتھ پاک وطن کانام پوری دنیا میں روشن ہو۔ شارٹ کٹ راستوں کے ذریعے کامیابی وقتی طور پر ضرور مل جاتی ہے مگر وہ دیر تک ساتھ نہیں رہتی۔ اس لیے اگراپنا کام محنت سے کیا جائے تو اس سے ملنے والی کامیابی ساری زندگی ساتھ رہتی ہے، اسی ٹارگٹ کو ذہن میں رکھتے ہوئے کام کر رہی ہوں۔ ایک سوال کے جواب میں عمائمہ نے بتایا کہ بالی وڈ میں کام کرنے کا تجربہ بہت اچھا رہا ہے۔ سنجے دت جیسے بہترین فنکار نے مجھے خاصی سپورٹ کی۔ فلم کی عکسبندی تو چند ماہ قبل مکمل ہوگئی تھی جب کہ اس کی ڈبنگ کچھ عرصہ ہی مکمل کروا کر واپس لوٹی ہوں۔ اس کے علاوہ بھی کچھ نئے پراجیکٹس سائن کیے ہیں لیکن ان کے بارے میں فی الحال تفصیلات نہیں دے سکتی۔ مگر یہ سب کے لیے سرپرائز ہوگا۔ جہاں تک بات پاکستان میں کام کرنے کی ہے تومیں نے ہمیشہ معیاری کام کرنے کو ترجیح دی ہے۔ کچھ لوگ یہ افواہیں بھی پھیلا دیتے ہیں کہ میں بالی وڈ میں کام کررہی ہوں اس لیے شاید اب میں پاکستان میں کام کرنا پسند نہیں کرتی۔ ایسا کچھ نہیں ہے، پاکستان میری پہچان ہے اور مجھے پاکستانی ہونے پرفخر ہے۔ میری ڈیمانڈ صرف اچھا سکرپٹ اور اپنے لیے چیلنجنگ کردار ہے۔

تبصرے بند ہیں.