اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کی بورڈ ان کونسل نے ایف بی آر اور اس کے ماتحت اداروں میں گریڈ 1 تا 21 کے ملازمین و افسران کی تقرریوں و تبادلوں کی نئی پالیسی کی منظوری دیدی ہے جس کے تحت گریڈ 1 تا 16 کے ملازمین کی تقرری و تبادلوں کے اختیارات متعلقہ چیف کمشنرز اور چیف کلکٹرز کے پاس ہوں گے۔ اس ضمن میں دستیاب دستاویز کے مطابق چیئرمین ایف بی آر کی زیر صدارت ہونے والے ایف بی آر کی بورڈ ان کونسل کے اجلاس میں تمام ممبران نے متفقہ طور پر ملازمین و افسران کی تقرریوں و تبادلوں کی نئی پالیسی کی منظوری دی۔ دستاویز میں بتایا گیا کہ اجلاس کے دوران بورڈ ان کونسل کے تمام ممبران نے ملازمین و افسران کی تقرریوں وتبادلوں کے موجودہ میکنزم پر اعتراض اٹھایا تھا اور موقف اختیار کیا تھا کہ اگر ٹیکس وصولیوں کے اہداف کے حصول میں ناکامی و کامیابی کا ذمے دار فیلڈ فارمشنز کے سربراہان کو قرار دینا ہے تو ضروری ہے کہ فیلڈ فارمشنز کے سربراہان کو فیلڈ آفسز میں اپنی مرضی کے مطابق افسران و ملازمین کی تقرریوں کے بھی اختیارات دیے جائیں تاکہ ٹیکس وصولیوں کے اہداف کے حصول کے لیے وہ اپنی مرضی سے اور ضرورت کے مطابق فیلڈ افسران و ملازمین کو تعینات کرسکیں اور فیلڈ آفسز میں بھی ٹیم ورک کے طور پر کام کو فروغ دیا جا سکے۔
تبصرے بند ہیں.