اہلیہ پر مبینہ تشدد کیلئے استعمال کی گئی چھڑی کا فورینسک ٹیسٹ کرانے کیلئے تیار ہوں، اوم پوری

ممبئی: بالی ووڈ اداکار اوم پوری نے اپنی بیوی کی جانب سے لگائے جانے والے تشدد کرنے کے الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ان الزامات کی وجہ سے بالکل بھی خوفزدہ نہیں ہیں اور اس چھڑی کا فورینسک ٹیسٹ کرانے کے لئے بھی تیار ہیں جس سے مبینہ طور پر انہوں نے اپنی اہلیہ پر تشدد کیا۔ ایک بھارتی جریدے کو انٹر ویو دیتے ہوئے اوم پوری کا کہنا تھا کہ جس چھڑی سے ان کی اہلیہ نے تشدد کرنے کا الزام عائد کیا ہے وہ اس کا فورینسک ٹیسٹ بھی کرانے کے لیے بھی تیار ہیں، میری دعا ہے کہ جس چھڑی سے نندیتا نے مجھ پر تشدد کرنے کا الزام عائد کیا ہے وہ گھر پر موجود ہو، میں اس چھڑی کو فورنسک ٹیسٹ کرانے کے لئے بھی تیار ہوں، نندیتا نے پولیس اسٹیشن میں شام ساڑھے 4 بجے رپورٹ درج کرائی اور کہا کہ میں نے اسے صبح 9 بجے تشدد کا نشانہ بنایا، اگر نندیتا کے بیان کو درست بھی مان لیا جائے تو سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اس نے تشدد کے بعد 7 گھنٹے تک انتظار کیوں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ 6 ہفتے قبل بھی نندیتا نے ان کے اور ان کی سابقہ بیوی سیما کپور کے خلاف بیٹے ایشان کے اغوا کی رپورٹ درج کرائی تھی لیکن اگلے ہی دن یہ کہ کر مقدمہ واپس لے لیا کہ انہیں شبہ تھا کہ وہ اور سیما کپور ایشان کو اغوا کرنا چاہتے تھے، ایک دن بعد ہی مقدمہ واپس لینے پر آپ نندیتا کی ذہنی کیفیت کا بخوبی اندازہ لگا سکتے ہیں۔ اوم پوری نے کہا کہ وہ گزشتہ 35 برس سے فلم انڈسٹری سے منسلک ہیں اور ہر کوئی ان کے کردار سے بخوبی آگاہ ہے۔ واضح رہے کہ اوم پوری کی اہلیہ نے اپنے شوہر کے خلاف تشدد کا مقدمہ درج کراتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ اوم پوری کے اپنی نوکرانی کے ساتھ جنسی تعلقات قائم تھے جنہیں افشاں کرنے پر انہیں تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

تبصرے بند ہیں.