اقوام متحدہ کی رپورٹ سے قبل سیکیورٹی کونسل میں شام سے متعلق کوئی بھی فیصلہ قبل از وقت ہوگا،روس

ماسکو: روس کے نائب وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ شام میں موجود اقوام متحدہ کے معائنہ کاروں کی کیمیائی ہتھیاروں کے مبینہ استعما ل سے متعلق حتمی رپورٹ سامنے آنے سے پہلے سیکیورٹی کونسل میں شام سے متعلق کو ئی بھی فیصلہ قبل از وقت ہو گا۔ غیر ملکی خبر رسا ں ایجنسی کے مطابق روس کے نائب وزیرخارجہ نے کہا کہ اقوا م متحدہ کے معائنہ کا روں کی رپورٹ سامنے آنے سے قبل سیکیورٹی کونسل میں شام سے متعلق کسی بھی مسئلے پر غور کرنا جلد بازی ہو گی، روس اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون کے شام کے مسئلے کے حوالے سے دیئے گئے سیاسی حل کی تجویز کی تائید کر تا ہے۔ واضح رہے کہ امریکا ، برطانیہ اور اس کے اتحادی ممالک شامی افواج کی جانب سے مظاہرین پر کیمیائی حملوں کے مبینہ استعمال کو جواز بنا کر شام پر حملے کی ممکنہ تیاری کر رہے ہیں اور اس حوالے سے امریکا نے اپنے اتحادی مما لک سے رابطے شروع کر دیئے ہیں اور شام کی اپوزیشن کو بھی ممکنہ حملوں کے بارے میں آگاہ کر دیا ہے جبکہ روس ، چین اور ایران کی جانب سے امریکا کے شام پر ممکنہ حملے کی سخت مخالفت کی جا رہی ہے، روس کا کہنا ہے کہ اگر امریکا نے شام پر حملہ کیا تو اس سے خطے میں سنگین نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.