انیل کپور کا اپنی بیٹی سونم کواداکاری میں مزید بہتری لانے کا مشورہ

ممبئی: بالی ووڈ کے ایکشن ہیرو انیل کپور نے اپنی بیٹی اور فلم نگری کی موسٹ اسٹائلش اداکارہ سونم کپور کو اداکاری میں مزید بہتری لانے  کا مشورہ دیا ہے۔

بالی ووڈ اداکار انیل کپور کا شمار انڈسٹری کے صف اول کے اداکاروں میں ہوتا ہے اور ان کی صاحبزادی سونم کپور بھی شوبز کی دنیا سے وابستہ ہیں جب کہ وہ اپنی بیٹی کی فلموں میں اداکاری کو آڑے ہاتھوں لیتے رہتے ہیں  اور فنی کیرئیر میں اپنی بیٹی کی رہنمائی بھی کرتے ہیں تاہم اب انہوں نے سونم کی نئی آنے والی فلم ’’نیرجا‘‘میں اپنے کردار میں مزید بہتری  کا مشورہ دیا ہے۔

انیل کپور کا کہنا تھا کہ سونم کپور کی فلم ’’نیرجا‘‘ کی کامیابی پر پورا خاندان خوش ہے لیکن فلم میں سونم کی کارکردگی میں مزید بہتری کی ضرورت ہے کیوں کہ اداکار جتنا بھی کامیاب ہوجائے اسے اپنے کام میں بہتری  کے لیے محنت کی ضرورت ہوتی ہے جب کہ  اداکار ہمیشہ طالب علم ہی ہوتا ہے جو ہر لمحہ سیکھتا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سونم کپور کی فلم’’نیرجا‘‘کی پاکستان میں نمائش پر پابندی لگا دی گئی تھی۔

تبصرے بند ہیں.