رحیم یار خان: سی سی ڈی رحیم یار خان کی جانب سے تھانہ کوٹ سبزل کے علاقے میں مبینہ پولیس مقابلہ ہوا جس میں لاہور پولیس کو مطلوب ملزم خواجہ تعریف گلشن عرف طیفی بٹ اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا۔ذرائع کے مطابق سی سی ڈی اہلکار ملزم طیفی بٹ کو تفتیش کے لیے رحیم یار خان لے کر جارہے تھے کہ راستے میں اس کے ساتھیوں نے پولیس پر حملہ کر کے اسے چھڑا لیا، پولیس نے فوری تعاقب کیا اور مسلح ملزمان کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ طیفی بٹ اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوا، پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا جبکہ طیفی بٹ کی لاش کو مردہ خانے منتقل کر دیا گیا ہے۔پولیس کی بھاری نفری موقع پر موجود ہے جبکہ ملزمان کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، فائرنگ کے تبادلے میں پولیس کانسٹیبل نور حسن بھی زخمی ہوگیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم طیفی بٹ کو دبئی سے لاہور لایا گیا تھا جس پر قتل کے متعدد الزامات تھے، ملزم خواجہ تعریف گلشن عرف طیفی بٹ کو دبئی کی عدالت میں پیش کیا گیا تھا جہاں عدالت نے طیفی بٹ سے پاکستان جانے سے متعلق سوال کیا، اس پر ملزم نے پاکستان جانے اور مقدمات کا سامنا کرنے کا کہا تھا۔ذرائع نے بتایا کہ ملزم کی رضا مندی پر دبئی کی عدالت نے طیفی بٹ کو پنجاب پولیس کے حوالے کردیا گیا تھا۔
تبصرے بند ہیں.