الزبتھ ٹیلر کا شوہر رچرڈ برٹن کو لکھا خط نیلامی کے لئے

ہالی وڈ کی الزبتھ ٹیلر کا اپنے اس وقت کے شوہر رچرڈ برٹن کو لکھے خط کو نیلامی کے لئے پیش کیا جا رہا ہے ، جو علیحدگی سے کچھ دن پہلے لکھا گیا تھا۔ اس کی قیمت 35 ہزار پاونڈ رکھی گئی ہے۔

کیلی فورنیا (نیٹ نیوز) وہ دونوں دنیا چھوڑ گئے ، لیکن شہزادی ڈیانا ، گریس کیلی اور دیگر اہم شخصیات کی طرح ان کی محبت کے چرچے کسی نہ کسی بہانے ہوتے ہی رہتے ہیں۔ یاد رہے کہ لز ٹیلر نے اپنی زندگی میں آٹھ شادیاں کی تھیں ، اور ان میں سے دو مرتبہ برطانوی نژاد ہالی وڈ اداکار رچرڈ برٹن سے کی تھیں۔ جتنی ان دونوں کی محبت کو شہرت ملی کسی اور شوہر سے ٹیلر کو شائد محبت ہی نہ ہو سکی تھی۔ ایک عظیم اداکار کہلانے والے رچرڈ برٹن نے بھی پانچ شادیاں کی تھیں اور ظاہر ہے کہ ان میں سے دو بار انہوں نے الزبتھ ٹیلر سے کی تھی۔ لزٹیلر کے ساتھ برٹن کی پہلی شادی 1964 سے لے کر 1974تک دس سال قائم رہی ، جب کہ دوسری شادی طلاق کے سولہ ماہ بعد کی گئی ، تا ہم وہ ایک سال تک بھی قائم نہ رہ سکی تھی۔ مذکورہ محبت نامہ ٹیلر نے اپنی شادی کی دسویں سالگرہ پر لکھا تھا ، جو نیلامی کے لئے پیش کیا گیا ہے اور اس کی قیمت 35 ہزار پاونڈ رکھی گئی ہے۔ اس خط کے بعد ان میں علیحدگی ہونے کا سبب رچرڈ کے ایک ویٹریس کے ساتھ تعلقات تھے ، اور اس خط کو اسی لئے تاریخی اہمیت بھی حاصل ہے کہ ٹیلر نے اس کے بارے میں جانتے ہوئے اپنے جذبات کا اظہارکیا تھا۔ اس کے مندرجات میں اس نے ایک طرف یہ احساس دلایا کہ میں اب تک تم سے محبت کرتی ہوں ، ساتھ ہی ایک خوف کو ظاہر کیا ، اپنے حسد یا رقابت کا ذکر کیا ، اور اپنی ناراضگی بھی دکھائی۔ خط کا آغاز ، ‘‘ابھی تک میرے شوہر ’’ اور اختتام ،‘‘ابھی تک تمہاری بیوی ’’ کے ساتھ کیا۔ یہ خط کیلی فورنیا کے ایک لگژری گھر سے ملا ہے ، جس کو یہ جوڑا 1974 میں چھوڑ گیا تھا۔ اس گھر کے مالک کو ایک کتاب سے یہ خط ملا ، جس کو اب وہ نیلام کر کے اچھی خاصی رقم کمانا چاہتا ہے۔ –

تبصرے بند ہیں.