Latest National, International, Sports & Business News

افغانستان سے تجارت وہاں کی دہشت گردی کے سبب بند ہے، جام کمال

اسلام آباد:وزیر تجارت جام کمال نے کہا ہے کہ افغانستان سے تجارت وہاں کی دہشت گردی کے سبب بند ہے، پاکستان بار بار افغانستان کو یہ شواہد پیش کررہا ہے کہ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کے تانے بانے افغانستان سے ملتے ہیں۔پیر کو ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے تحت چوتھی بین الاقوامی فوڈ اے جی نمائش کے افتتاح کے موقع پر میڈیا ٹاک کرتے ہوئے وزیر تجارت نے کہا کہ مصدق ملک ایک کثیر جہتی انتظام کے تحت بھارت گئے ہیں، پاکستان کا واضح موقف کہ لاء اینڈ آرڈر اور سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا لہذا پاکستان اور افغانستان کے درمیان تجارت سے اہم نیشنل سیکیورٹی کا معاملہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان جان بوجھ کر کسی ملک کے ساتھ تعلقات خراب نہیں کرتا، بھارت پہلے کشمیر کے معاملے پر بات کرے، پاکستان تجارت کے لیے تیار ہے۔جام کمال نے کہا کہ انتظامی یونٹس کے قیام کے لیے پورے ملک میں بحث چل رہی ہے، سیاسی جماعتیں انتظامی یونٹس اور نئے صوبے بنانے پر اپنا اپنا موقف پیش کررہی ہیں، نئے صوبوں کے قیام پر وزیراعظم جو کہیں گے اس پر عمل کرنے کا پابند ہوں۔انہوں نے کہا کہ گندم کی دستیابی کا معاملہ صوبائی حکومتوں کا ہے، وفاق صوبائی حکومتوں کی ڈیمانڈ پر پاسکو سے گندم فراہم کرتا ہے، صوبائی حکومتیں گندم کے معاملے پر اعداد و شمار کا از سرے نو جائزہ لیں، صوبائی حکومتوں کے پاس گندم کے معاملے پر صحیح ڈیٹا موجود نہیں ہے۔وزیر تجارت نے کہا کہ فوڈ ایگ پاکستان کی زرعی صلاحیت کو دنیا کو دکھانے کا ایک پلیٹ فارم ہے، یہ سال دنیا کے لئے چیلنجنگ رہا ہے، خیال تھا کہ عالمی حالات میں عالمی خریداروں کی حاضری کم ہوگی لیکن پاکستان کی فوڈ صلاحیت دیکھنے پہلے سے زیادہ لوگ آئے ہیں دنیا کے مختلف ممالک کے وزیر تجارت اور دیگر مہمان بھی آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ پرائیوٹ سیکٹر کی نمائش ہے دنیا کے آٹھ مہینے میں فریٹ چارجز، انشورنس اور دیگر لاگت بڑھی ہیں، نمائش میں لوگوں کا دنیا سے آنا اس مقصد کی نشاندہی کرتی ہے کہ وہ تجارت کو بحال کرنا چاہتے ہیں۔اس موقع پر یوگینڈا کی وزیر تجارت نے کہا کہ پاکستان کی فوڈ ایگ نمائش دیکھ کر بہت خوشی ہوئی، ہمیں زرعی ویلیو ایڈیشن میں کام کرنا ہے، دو ممالک کے درمیان تجارت کے بیش بہا مواقع ہیں۔فوڈ ایگ 2026ء کی افتتاحی تقریب میں وفاقی و صوبائی وزرا، سیاسی شخصیات اور سفارت کار بھی موجود تھے، نمائش میں 72 ممالک کے 820 بین الاقوامی مندوبین شریک ہیں اور 400 نمائش کنندگان اپنی مصنوعات پیش کررہے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.