اسپاٹ فکسنگ، شری شانتھ مزید 2 دن پولیس کے ’’مہمان‘‘ ہونگے
نئی دہلی: عدالت نے شری شانتھ اور اجیت چنڈیلا کا مزید 2 دن کا ریمانڈ دے دیا، ان دونوں کرکٹرز کے علاوہ دو بکیز بھی دو دن تک پھر پولیس کے مہمان بنیں رہیں گے۔ میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ ( ایم ایم ) انوج ایگاگروال نے اسپاٹ فکسنگ کیس میں گرفتار راجستھان رائلز کے شری شانتھ اور اجیت چنڈیلا کے علاوہ گرفتار دو سٹے بازوں چندریش پٹیل اور ایشوانی ایلیزٹیپو کو 28 مئی تک پولیس کی حراست میں رکھے جانے کی اجازت دے دی، دہلی پولیس نے کیس کے مزید حقائق سامنے لانے کیلیے عدالت سے اس کی درخواست کی تھی، تاہم کورٹ نے پولیس کی اس کیس میں گرفتار سابق رنجی پلیئر بابو راؤ یادیو سے دو مزید دنوں کے لیے تحقیقات کیے جانے کی پولیس درخواست رد کردی، یادیو 4 جون تک جیوڈیشل کسٹڈی میں ہیں، ان پانچوں کے علاوہ کرکٹر انکیت چھاون اور مزید تین بکیزکو 4 جون تک عدالتی تحویل میں دے دیا، ان تمام 9 افراد کو پولیس حراست کے پانچ دن مکمل ہونے کے بعد عدالت میں پیش کیاگیا تھا۔اتوار کو ہونے والی سماعت کے موقع پر شری شانتھ اور چھاون نے ضمانتوں کی درخواستیں بھی پیش کیں، جس پر کورٹ نے ان کی اپیل پر جرح کیلیے 28 مئی کی تاریخ طے کردی، چھاون نے دائر کردہ درخواست ضمانت میں کہا ہے کہ 2 جون کو ان کی شادی ہوناہے، دوسری جانب پبلک پراسیکیوٹر راجیو موہن نے عدالت کو بتایا کہ انھیں شری شانتھ کا مزید دو دن کا ریمانڈ اس لیے چاہیے کہ وہ دوران تفتیش سامنے آنے والے نام ابھیشیک شکلا کے بارے میں ان سے پوچھ گچھ کرسکے۔
تبصرے بند ہیں.