چیمپئنز ٹرافی، مائیکل کلارک اعزاز کے دفاع کیلیے پراعتماد

سڈنی: آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک نے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی ہمارے لیے ایشز خواب کو حقیقت میں بدلنے کیلیے معاون ہوگی۔ ہم انگلینڈ سے روایتی سیریز کیلیے آئی سی سی ایونٹ کو بہترین خیال کرتے ہیں، ایونٹ میں اعزاز کا دفاع کرنے کیلیے پراعتماد ہیں، انھوں نے کہا کہ رواں برس ایشز ٹرافی وطن واپس لے جانے کیلیے ہم نے بلند معیارات وضع کررکھے ہیں، آسٹریلین کرکٹرز کیلیے ایشز ٹور سے بڑھکر کوئی اور چیز نہیں ہے، ہمارے اسکواڈ میں شامل بیشتر نوجوان کرکٹرز پہلی مرتبہ انگلینڈ میں ٹیسٹ میچز کھیلنے کا تجربہ پائیں گے، گذشتہ ماہ ہم نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے سفیدگیندوں جبکہ ایشز کیلیے انگلینڈ میں تیار ہونے والی ڈیوکس بالز سے بھرپور پریکٹس کی ہے، انھوں نے مزید کہا کہ چیمپئنز ٹرافی میں کامیابی سے ہمیں ایشز کیلیے اونچی اڑان بھرنے کا موقع ملے گا، ہماری نگاہیں 8 جون کو ایجبسٹن میں چیمپئنز ٹرافی میں انگلینڈ کا سامنا کرنے پر لگی ہوئی ہیں۔کلارک نے مزید کہاکہ ہم ایونٹ میں اعزاز کا دفاع کرنے کیلیے پراعتماد ہیں اور آئی سی سی کی جانب سے اسے آخری ایڈیشن قرار دیے جانے کے بعد یہ ہمارے لیے کچھ خاص ہوگئی ہے، انھوں نے کہا کہ فارمیٹ سے قطع نظر چیمپئنز ٹرافی میں بھی ہم انگلینڈ کیخلاف کامیابی حاصل کرنا چاہتے ہیں ، روایتی حریف کیخلاف اچھی پرفارمنس پیش کرنے سے ہمارے پلیئرز کے اعتماد میں اضافہ ہوگا، کلارک نے مزید کہا کہ ہمارے لیے یہ امر بھی خوش کن ہے کہ ہمارے پلیئرز نے اپنے انجریز مسائل سے چھٹکارا پالیا ہے، کوچنگ اور فٹنس اسٹاف اپنا کام بخوبی کررہے ہیں اور اس کا تمامتر کریڈٹ سی اے کے ہائی پرفارمنس منیجر پیٹ ہاورڈ کو جاتا ہے، جنھوں نے بہت اچھی منصوبہ بندی کی ہے۔

تبصرے بند ہیں.