دوسرا ٹیسٹ: کیوی ٹیم کی بساط 174 پر لپیٹ دی گئی

لیڈز: ہیڈنگلے ٹیسٹ میں کیوی ٹیم 174 پر ہمت ہارگئی، بولرز کی عمدہ کارکردگی نے انگلینڈ کی پوزیشن مضبوط بنادی،گریم سوان نے 4، اسٹیون فن نے 3 اور اسٹورٹ براڈ نے 2 شکارکیے۔ تیسرے دن کے اختتام پر میزبان ٹیم نے دوسری باری میں ایک وکٹ پر 116رنز بناکر مجموعی سبقت 296 تک پہنچادی، الیسٹرکک 88 پر ناقابل شکست ہیں۔تفصیلات کے مطابق ہیڈنگلے ٹیسٹ کا تیسرا دن ہنگامہ خیز رہا، پہلے پہل انگلش ٹیم اپنی پہلی باری میں 354رنز بناکر آؤٹ ہوئی، ٹرینٹ بولٹ نے 57رنز دیکر5 شکار کیے، سوان 26 پر ناٹ آؤٹ رہے، اس کے بعد میزبان بولرز کی عمدہ کارکردگی کے سامنے میزبان کیویز نے 174 پر ہتھیار ڈال دیے،اوپنر پیٹر فلٹن 28 اور ہمیش ردرفورڈ 27رنز کے ساتھ نمایاں رہے، کپتان برینڈن میک کولم 20رنز سے آگے نہیں بڑھ پائے۔کین ولیمسن نے50 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 13رنز اسکور کیے، ساؤتھی کے 19رنز بھی ٹیم کا خسارہ کم کرنے میں مددگار ثابت ہوئے، اختتامی دو بیٹسمینوں نیل ویگنر نے 27 اور ٹرینٹ بولٹ 24 ناٹ آؤٹ بناکر اہم رہے، کیوی ٹیم کی تباہی میں کلیدی کردار تجربہ کار اسپنر گریم سوان نے ادا کیا، انھوں نے 42رنز دیکر4 مہرے کھسکائے، اسٹیون فن نے 36رنز کے بدلے 3وکٹوں کا سودا کیا جبکہ اسٹورٹ براڈ کے حصے میں 2وکٹیں آئیں، دن کے اختتام پر انگلینڈ نے دوسری باری میں ایک وکٹ پر 116رنز بنالیے،نک کامپٹن7رنز بناکر میدان بدر ہوئے، کپتان الیسٹرکک 88 اور جوناتھن ٹروٹ11 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

تبصرے بند ہیں.