ارجن کپور اور ساشاآغا کی فلم”اورنگزیب”ریلیز کے لئے تیار

ممبئی …اپنی پہلی ہی فلم “عشق زادے”سے بالی ووڈ میں دھوم مچانے والے فلمساز و ہدایتکار بونی کپور کے صاحبزادے ارجن کپور اور پاکستانی اداکارہ و گلوکارہ سلمیٰ آغاکی صاحبزادی ساشاآغاکی نئی فلم اورنگزیب ریلیز کے لیے تیار ہے ۔ارجن اور ساشا کی جوڑی کی پہلی فلم اورنگزیب کے نئے گانے”جگرا فقیرا”کی وڈیو بھی منظرِ عام پر آگئی ہے جس میں گینگسٹر اور پولیس دونوں خاندانوں کے اچھے برے حالات کی شاندار منظر کشی کی گئی ہے۔یش راج بینرتلے اس ایکشن کرائم فلم کی ہدایتکاری اتل سبروال نے دی ہے جس میں ارجن کپور ڈبل رول ادا کررہے ہیں۔گینگسٹرز اور پولیس فیملی کے گرد گھومتی اس فلم میں ارجن کپور کیساتھ جیکی شیروف،امریتا سنگھ ،رشی کپور،ساشا آغا،سکندر کھیر اور پرتھوی راج سکومارن اہم کردار اد ا کررہے ہیں۔فلم کی کہانی میں گینگسٹریشوردن(جیکی شیروف)کے غیر قانونی کاموں کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے لیے پولیس اسکے گینگ کے اہم آدمی (اجے)کو غائب کرکے اُسکی جگہ ہمشکل وشال(ارجن کپور)کو یشوردن کے گینگ کا حصہ بنادیتی ہے۔ایکشن سے بھرپورادیتیہ چوپڑا کی پروڈیوس کردہ فلم اورنگزیب کا میوزک امرتیا راھوٹ نے کمپوز کیا ہے جو 17مئی کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

تبصرے بند ہیں.