لاہور:امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے ملک سکیموں سے نہیں پالیسیوں سے چلتے ہیں، پنجاب حکومت پالیسیوں سے عوام کو بے وقوف بنا رہی ہے۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا ایل پی جی کی سرکاری قیمت 241 ہے اور عوام کو 500 روپے میں مل رہی ہے، حکومت نے پورے ملک کو گیس سلینڈر پر لگا دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پچھلے ہفتے 1 روپے 97 پیسے کم کیے گئے، پٹرول کے ہر لیٹر پر غریب عوام سے ٹیکس لیا جا رہا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی 90 فیصد آبادی موٹرسائیکل چلاتی ہے، ہر ایک لیٹر پٹرول پر ہم 100 روپے سے زائد ٹیکس ادا کر رہے ہیں، جب تک ہم سڑکوں پر آکر احتجاج نہیں کریں گے تب تک یہ مسئلہ حل نہیں ہو گا، اگر ہم احتجاج نہ کرتے تو حکومت نے پٹرول کی قیمت کم نہیں کرنی تھی، کسی بھی صورت پٹرول کی قیمت 225 سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے۔امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا سرکاری افسران گاڑیاں تو بڑی رکھ لیتے ہیں لیکن اپنا کام پورا نہیں کرتے، اگر ایف بی آر کے افسران اپنا کام ٹھیک کریں تو غریب پر ٹیکس کا بوجھ کم ہو جائے گا۔حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کسان ہر سال نیچے جا رہا ہے، کھاد کی قیمت کا کوئی تعین نہیں، گنے کی فصل کے پیسے بھی کسان کو پورے نہیں دیے جاتے ہیں، کپاس کی کاشت میں تاریخی کمی ہوگئی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت سکیموں کے ذریعے عوام کو بے وقوف بنا رہی ہے، یہ چند لوگوں کو سہولیات دیتے ہیں، باقی افراد کا نہیں سوچتے، ملک سکیموں سے نہیں پالیسی سے چلتے ہیں، یہاں مافیاز کا راج ہے۔ان کا کہنا تھا جماعت اسلامی ہمیشہ عوامی بات کرتی ہے، حکومت سکولوں اور کالجوں کو آؤٹ سورس کر رہی ہے، عام آدمی کے لیے تعلیم حاصل کرنا ناممکن ہوگیا ہے، پنجاب میں ایک کروڑ سے زائد بچے سکول سے باہر ہیں، مفت اور معیاری تعلیم دینا ریاست کی ذمہ داری ہے، یونیورسٹیز کو گرانٹس نہیں مل رہی ہیں۔
تبصرے بند ہیں.