برسلز: ملالہ یوسف زئی کو یورپی یونین کی جانب سے انسانی حقوق کے “سخاروف ایوارڈ” سے نوازا گیا۔ سخاروف ایوارڈ کے لیے پاکستان کی بیٹی ملالہ یوسف زئی اور امریکی انٹیلی جنس اہل کار ایڈورڈ اسنوڈن کو نامزد کیا گیا تھا، ایوارڈ کے لئے یورپی پارلیمنٹ کے 750 ارکان کے درمیان ووٹنگ کی گئی تاہم ملالہ نے اسنوڈن کے مقابلے میں زیادہ ووٹ حاصل کئے، جس کے بعد یورپین پیپلز پارٹی کے چیرمین نے ملالہ کے حق میں ایوارڈ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ملالہ یوسف زئی جیسے نوجوانوں سے ہی مستقبل کی امیدیں جڑی ہیں۔ واضح رہے کہ ملالہ کو خواتین کے حقوق اور تعلیم کے حصول کے لئے آواز بلند کرنے پر رواں سال نوبل پرائز کے لئے بھی نامزد کیا جاچکا ہے، جس کی تقریب 11 اکتوبرکو اوسلو میں منعقد کی جائے گی جبکہ ملالہ یوسف زئی کی سوانح حیات 8 اکتوبر کو شائع کی گئی جس میں انہوں نے طالبان کی جانب سے جان لیوا حملے کا نشانہ بنائے جانے کے بعد اپنے احساسات سے متعلق بتایا۔ اس سے قبل حال ہی میں ہالینڈ کی تنظیم ’’کڈز رائٹس فاؤنڈیشن ‘‘ کی جانب سے بھی ملالہ کو ’’انٹرنیشنل چلڈرنز پیس پرائز‘‘ بھی دیا جاچکا ہے، جبکہ تعلیم کے فروغ کے لئے ملالہ فنڈ بھی قائم ہوچکا ہے جس میں سب سے پہلے رقم اقوام متحدہ کی خیرسگالی کی سفیر انجلینا جولی نے جمع کرائی تھی، ملالہ یوسف زئی کے نام پر فنڈ کے قیام کا مقصد دنیا بھر میں لڑکیوں کی تعلیم تک رسائی کے لئے اقدامات کرنا ہے۔
تبصرے بند ہیں.