لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ان کی اولین ترجیح خواتین کے لیے ایک محفوظ پنجاب بنانا ہے جہاں ہر خاتون بلا خوف و خطر، اعتماد اور تحفظ کے ساتھ گھر سے باہر نکل سکے اور اسے کسی قسم کی ہراسانی یا بدسلوکی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ کا تعلق بھی اسی تعلیمی ادارے سے ہونا ان کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کبھی یہ نہیں سوچا تھا کہ وہ سیاست میں آئیں گی، تاہم وقت کے ساتھ حالات نے انہیں اس میدان میں آنے کا موقع دیا۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ چند سال قبل تک پاکستان مسلم لیگ (ن) میں خواتین فرنٹ لائن سیاست میں کم دکھائی دیتی تھیں، مگر آج صورتحال تبدیل ہو چکی ہے اور وہ خود اس تبدیلی کی ایک مثال ہیں، مریم اورنگزیب اور عظمیٰ بخاری سمیت متعدد خواتین سیاست اور حکومتی امور میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہیں جبکہ صوبے کے کئی اہم اداروں کی سربراہی بھی خواتین کے پاس ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی سے ان کی کئی یادیں وابستہ ہیں، ڈگری حاصل کرنا زندگی کے سفر کا اختتام نہیں بلکہ ایک نئی عملی زندگی کا آغاز ہے، اور معاشرہ خواتین کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا۔ان کا کہنا تھا کہ وہ لکھی ہوئی تقریر کے بجائے دل کی بات کرنا پسند کرتی ہیں اور نوجوانوں کو درپیش چیلنجز سے بخوبی آگاہ ہیں، حکومت نوجوانوں کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔مریم نواز نے کہا کہ ان کی حکومت کا خاص فوکس خواتین کے تحفظ پر ہے، اور اگر کسی خاتون کے ساتھ ہراسانی، چھیڑ چھاڑ، زیادتی یا بے حرمتی کا واقعہ پیش آئے تو وہ اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گی جب تک ذمہ دار عناصر قانون کے کٹہرے میں نہ آ جائیں۔
تبصرے بند ہیں.