اے این پی اور جماعت اسلامی نے ضمنی انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا
کراچی: اے این پی اور جماعت اسلامی نے ضمنی انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا جب کہ ایم کیوایم، پیپلزپارٹی، تحریک انصاف اور اہلسنت والجماعت سمیت دسری جماعتیں جمہوری عمل کے لئے پرعزم ہیں۔ اے این پی نے سندھ جب کہ جماعت اسلامی نے کراچی میں این اے 254، پی ایس 95 اور پی ایس 103 پر بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے، جماعت اسلامی کےترجمان زاہد عسکری نے بتایا کہ 11 مئی کو کراچی اورحیدرآباد میں انتخابات میں دھاندلی کی وجہ سےبائیکاٹ کا اعلان کیا تھا اور ضمنی انتخابات کے موقع پر بھی جماعت اسلامی اپنے مؤقف پر قائم ہے۔ دوسری طرف ترجمان اے این پی سندھ نے بتایا کہ جس طرح عام انتخابات میں مختلف نشستوں پر پیپلزپارٹی کے امیدواروں کی حمایت کی تھی، اسی طرح ضمنی انتخابات میں بھی پی پی امیدواروں کی حمایت کریں گے۔ ان دوجماعتوں کےعلاوہ تحریک انصاف، پیپلزپارٹی، ایم کیوایم، مسلم لیگ ن سمیت دوسری جماعتیں ضمنی انتخابات میں حصہ لےرہی ہیں۔