Latest National, International, Sports & Business News

امریکا، اسرائیل آبنائے ہرمز میں بدامنی کے ذمے دار، دفاع کریں گے: ایرانی صدر

تہران:ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران دشمن ممالک کو اس آبی راستے میں داخل نہیں ہونے دے گا،آبنائے ہرمز ایرانی قوم کی مزاحمت کی علامت ہے۔یوم خلیج فارس پر ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے آبنائے ہرمز کی صورتِ حال اور ناکہ بندی کے لیے امریکا اور اسرائیل کو ذمے دار قرار دے دیا اور کہا کہ اس آبی گزرگاہ میں کسی بھی قسم کی بدامنی کی ذمے داری امریکا اور صہیونی حکومت پر عائد ہوتی ہے۔انہوں نے حریف ممالک کو خطے سے دور رکھنے کے فیصلے کا دفاع بھی کیا اور کہا کہ ایران اس اسٹریٹجک سمندری راستے کی حفاظت کو اپنی قومی سلامتی کا اہم جزو سمجھتا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ تہران بارہا اس مؤقف کا اعادہ کر چکا ہے کہ وہ خطے میں بیرونی مداخلت کو مسترد کرتا ہے، ایرانی بندرگاہوں پر امریکی بحری ناکہ بندی یا کسی بھی قسم کی پابندیاں عائد کرنے کی کوشش بین الاقوامی قانون کے منافی ہے اور یہ ناکام ہوں گی۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایسی کارروائیاں خطے کی سلامتی کو بہتر بنانے کے بجائے کشیدگی میں اضافے اور خلیج فارس میں دیرپا استحکام کی راہ میں رکاوٹ کا باعث بنتی ہیں۔علاوہ ازیں ایرانی بحریہ کے کمانڈر شاہرام ایرانی نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکی افواج نے پیش قدمی کی تو فوری کارروائی کی جائے گی۔سرکاری نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی کے مطابق کمانڈر شاہرام ایرانی نے ایک بیان میں کہا کہ ایران نے آبنائے ہرمز کو بحیرہ عرب کی سمت سے بند کر دیا ہے اور اگر امریکی فورسز نے آگے بڑھنے کی کوشش کی تو سخت ردعمل دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ دشمن نے یہ سمجھا تھا کہ وہ بہت کم وقت، جیسے 3 دن سے ایک ہفتے کے اندر ایران کے خلاف جنگ کا نتیجہ حاصل کر لے گا، لیکن ان کا یہ اندازہ اب فوجی یونیورسٹیوں میں مذاق بن چکا ہے، ہم اپنے شہدا کے بدلے کیلئے آخری قطرہ خون تک متحد ہیں۔اس سے قبل ایران کے پریس ٹی وی نے فوجی عہدیدار کے حوالے سے رپورٹ کیا تھا کہ اگر امریکا کی جانب سے ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی جاری رہی تو اسے بے مثال کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔عہدیدار نے یہ بھی کہا کہ اب تک ایرانی مسلح افواج نے تحمل کا مظاہرہ اس لیے کیا ہے تاکہ سفارتکاری کو موقع دیا جا سکے اور امریکہ ایران کی شرائط کو تسلیم کر کے جنگ کے مستقل خاتمے پر آمادہ ہو سکے۔

تبصرے بند ہیں.