انتخابی دھاندلی سے متعلق 21 اگست کو تمام حقائق سامنے لائیں گے، عمران خان
کراچی: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ انتخابی دھاندلی میں ریٹرننگ آفیسرز ملوث ہیں 21 اگست کو تمام حقائق سامنے لائیں گے ۔ کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئےعمران خان نے کہا کہ عام انتخابات میں تاریخ کی بدترین دھاندلی ہوئی اور یہ دھاندلی ریٹرننگ افسران نے کی جسے منظر عام پر لانے کے لئے 21 اگست کو وائٹ پیپر جاری کیا جائے گا جس میں تمام دھاندلی کی تفصیلات اور شواہد پیش کئے جائیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ دنیا کے ہر مہذب معاشرے میں بیوروکریسی کا کام عوام کے منتخب نمائندوں کی معاونت کرنا ہے۔ جب تک گاؤں کی سطح پر عوام کو اختیارات نہیں دیئے جائیں گے ملک میں جمہوری نظام مضبوط اور مسائل حل نہیں ہوں گے، اس سلسلے میں خیبر پختونخوا میں لایا جانے والا نظام ملک بھر کے لئے مثال ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں غیر سیاسی بلدیاتی انتخابات کرانا ناقابل قبول ہے ایسے ہتھکنڈے ماضی میں آمر سیاسی لوگوں کو انتخابات سے دور رکھنے کے لئے استعمال کرتے تھے ۔ تحریک انصاف کے سربراہ کا کہنا تھا کہ صوبہ خیبر پختونخوا دہشتگردی کی وجہ سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے وہاں کی صنعت اور معیشت تباہ ہوچکی ہے۔ وہ اپوزیشن کے باوجود دہشت گردی کے خلاف جنگ میں وفاق کی ہر ممکن مدد کریں گے۔