Latest National, International, Sports & Business News

گڈانی پاور پراجیکٹ میں تاخیر کی کوئی گنجائش نہیں، وزیراعظم نواز شریف

کراچی: وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ گڈانی پاور پروجیکٹ میں تاخیر کی کوئی گنجائش نہیں اور وزير خزانہ پراجيكٹ كے فنڈز كا انتظام کرنے کے لئے عالمی بینک سے رابطہ کریں۔ وزیراعظم نواز شریف کو کراچی میں گڈانی پاور پلانٹ پروجیکٹ کمیٹی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، بریفنگ میں وزیراعظم کے ہمراہ وزيراعلیٰ بلوچستان عبدالمالک بلوچ، وزير خزانہ اسحاق ڈار، وفاقی وزير پانی و بجلی خواجہ محمد آصف، وفاقی وزير پٹروليم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی، وزيراعظم كے مشير برائے توانائی مصدق ملک اور شوكت فياض اے ترين نے شركت کی، اس موقع پر وزیراعظم نے گڈانی پاور پلانٹ کی تکمیل کو اولین ترجیح دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں تمام تر اقدامات کو جلد از جلد یقینی بنایا جائے، وزیراعظم کو بریفنگ کے ذریعے بتایا گیا کہ گڈانی پاور پراجیکٹ پر مارچ 2014 میں کام کا آغاز ہوگا، پراجیکٹ کے تحت 10 پلانٹس قائم کئے جائیں گے ، پہلا منصوبہ پاکستان لگائے گا جبکہ 9 منصوبے چین اور دیگر غیر ملکی سرمایہ کاری سے مکمل ہوں گے، ہر ایک پاور پلانٹ 600 میگاواٹ بجلی كی پيداوار كا حامل ہو گا اور اس پر تقريباً 14 ارب ڈالر كی لاگت آئے گی۔ وزيراعظم نے بریفنگ کے دوران شرکا كو بتايا كہ ترک وزيراعظم كی دعوت پر وہ 16 سے 18 ستمبر تک تركی كا دورہ كر رہے ہيں ، ترک وزيراعظم نے پاكستانی تاجروں اور سرمايہ كاروں كو بھی تركی كے دورہ كی دعوت دی ہے، پاكستانی تاجر اور سرمايہ كار اپنے ترک ہم منصبوں كے ساتھ مل كر مشتركہ منصوبے شروع كر سكتے ہيں، اجلاس كے دوران وزيراعظم كو بتايا گيا كہ بلوچستان كی حكومت پاور پارک كے لئے 5 ہزار ايكڑ اراضی فراہم كرے گی جس كو 7 كلوميٹر طويل پشتے كے ذريعہ ملايا جائے گا اور جس كے ذريعہ 200 ملين ٹن كوئلہ لايا جائے گا۔ اس موقع پر وزيراعظم نے وزير خزانہ كو ہدايت كی كہ وہ پراجيكٹ كے فنڈز كا انتظام كرنے كے لئے عالمی بينک سے رابطہ كريں، وزير خزانہ نے وزیراعظم کو بتايا كہ پرائيويٹ كمپنياں اپنے متعلقہ مالياتی اداروں سے اس ضمن ميں فنڈز فراہم كر سكتی ہيں اور اس سلسلہ ميں فنڈنگ كا كوئی مسئلہ نہيں ہو گا، جبکہ سيكرٹری پانی و بجلی نے وزيراعظم كو يقين دلايا كہ يہ منصوبہ جلد از جلد مكمل كيا جائے گا، انہوں نے بتايا كہ پاور پراجيكٹ کے لئے ٹرانسميشن لائن كے ضمن ميں اين ٹی ڈی سی كو ہدايات جاری كردی گئی ہيں جس سے پورے ملک كو فائدہ پہنچے گا۔

تبصرے بند ہیں.