ڈھاکا: 8 ستمبر سے شروع ہونے والے بنگا بندھو گولڈ کپ فٹبال ٹورنامنٹ میں نیپال اور کویت نے شرکت کی تصدیق کردی۔ منتظمین پاکستان کی جانب سے کوئی جواب سامنے نہ آنے پر مایوس ہیں، ایک ماہ قبل بنگلہ دیش فٹبال فیڈریشن نے8 ممالک کو ٹورنامنٹ میں حصہ لینے کیلیے مدعو کیا تھا۔ بی ایف ایف جنرل سیکریٹری ابو نعیم سوہاگ کا کہنا ہے کہ نیپال نے شرکت کا یقین دلادیا جبکہ کویت کا کہنا ہے کہ وہ بھی گولڈ کپ میں شریک ہونا چاہتا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ صدر قاضی صلاح الدین رواں ماہ چین کا دورہ کرکے 16 اگست سے شروع ہونے والے ایشین یوتھ گیمز میں شریک قطر، بحرین اور کویت کے فٹبال آفیشلز سے ملاقات کرینگے، وہ مشرق وسطیٰ کے ممالک کی اپنے ٹورنامنٹ میں شرکت کیلیے حتمی رائے حاصل کرنا چاہتے ہیں۔بی ایف ایف جنرل سیکریٹری نے کہا کہ ٹورنامنٹ کے قوانین، فارمیٹ، ممکنہ شریک ٹیموں اور سہولتوں کی فراہمی پر کام کر رہے ہیں، 8 قومی گولڈ کپ کی منظوری کیلیے مکمل تفصیلات ایک ہفتے کے اندر ایشین فٹبال کنفیڈریشن کو حتمی منظوری کیلیے پیش کردی جائیں گی۔ بی ایف ایف نے بحرین، کویت، ملائیشیا، نیپال، پاکستان، قطر، تھائی لینڈ اور یمن کو مدعو کیا ہے۔ پاکستانی حکام کی جانب سے کوئی جواب نہ ملنے پر منتظمین مایوسی کا شکار ہیں
تبصرے بند ہیں.