Latest National, International, Sports & Business News

کے پی حکومت خود صوبے میں آئینی اقدام اٹھانے پر مجبور کر رہی ہے: عظمیٰ بخاری

لاہور:وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت خود صوبے میں آئینی اقدام اٹھانے پر مجبور کر رہی ہے۔اپنے بیان میں صوبائی وزیر عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا دہشتگ ردی کی زد میں ہے اور صوبے کا وزیراعلیٰ کنٹینر پر چڑھا ہے، 13 سال سے خیبر پختونخوا کی قسمت میں دھرنے،جلسے،ریلیاں اور لانگ مارچ ہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب صوبے میں امن و امان اور روزگار نہیں ہوگا تو وہاں کے لوگ امن اور روزگار کیلئے دوسرے صوبوں کا رخ کریں گے، جو حکومت اپنے ہی لوگوں کو تحفظ فراہم نہیں کرسکتی اس کو حکومت میں رہنے کا کوئی حق نہیں، سیل آفریدی واحد وزیراعلیٰ ہیں جو اپنے صوبے میں ہی لاؤ لشکر کے ساتھ مارچ کر رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ فیڈریشن کے خلاف ہرزہ سرائی کیلئے سرکاری ہیلی کاپٹر کا استعمال عدالتی حکم کی خلاف ورزی ہے، سرکاری وسائل کو جتھوں کی سیاست کیلئے استعمال کرنا پی ٹی آئی کا پرانا وتیرہ ہے۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ سہیل آفریدی نے صوبے میں قیام امن پر دہشتگردوں کو تحفظ دینے پر ترجیح دی ہے، خیبر پختونخوا اس وقت دہشت گردوں،منشیات فروشوں اور سمگلروں کے رحم و کرم پر ہے۔صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا حکومت خود صوبے میں آئینی اقدام اٹھانے پر مجبور کر رہی ہے، خیبر پختونخوا کے لوگوں کو کسی صورت بھی دہشتگردوں اور جتھوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔

تبصرے بند ہیں.