Latest National, International, Sports & Business News

کراچی: ٹارگٹ کلنگ جاری، مزید 13 افراد جاں بحق

کراچی میں دہشت گردی جاری رہی۔ فائرنگ اور پر تشدد واقعات میں 13 افراد جاں بحق ہو گئے۔ پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک ہو گیا۔ شہر قائد مسلسل بدامنی کی لپیٹ میں ہے۔ ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں تیزی آگئی ہے۔ ابراہیم حیدری میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے راحیل اور عامر جاں بحق ہو گئے۔ مقتولین کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے۔ کراچی کے علاقے نیو کراچی ایوب گوٹھ میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ سرجانی سیکٹر سیون اے میں فائرنگ سے دو افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ اورنگی ضیا کالونی میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوا۔ کورنگی بلال کالونی میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ مقتول کی شناخت نہیں ہو سکی۔ گلستان جوہر بلاک بارہ میں راڈو اسٹاپ کے قریب سے ایک شخص کی ہاتھ پاؤں بندھی لاش ملی۔ مقتول کو اغوا کے بعد تشدد اور فائرنگ کر کے قتل کیا گیا ہے۔ لاش کو پہلے جناح اسپتال اور پھر سول اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ لیاری کے علاقے بکرا پیڑی کےقریب سے بوری بند لاش ملی ہے۔ پولیس کے مطابق مقتول کو تشدد کر کے ہلاک کیا گیا۔ دوسری جانب لائنز ایریا میں تھانہ بریگیڈ کے حدود میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ لاش کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ بلدیہ چار نمبر میں ناردرن بائی پاس کے قریب ایک شخص کو چھریوں کے وار کر کے قتل کر دیا گیا۔

تبصرے بند ہیں.