Latest National, International, Sports & Business News

کراچی :لیاری میں پولیس اور رینجرزکا مشترکہ آپریشن

کراچی کے مختلف علاقوں میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف پولیس اور رینجرز کے کریک ڈاؤن کے دوران 30 سے زائد ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔ کراچی: ملیر کے علاقے سعود آباد میں پولیس نے کارروائی کے دوران چھ ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان ڈکیتی، سٹریٹ کرائم اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث ہیں اور ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور منشیات بھی برآمد ہوئی ہے۔ ادھر شاہ لطیف ٹاؤن میں پولیس نے کاروائی کرکے آصف نامی ملزم کو گرفتار کیا اور قبضےسے اسلحہ برآمد کر لیا۔ دوسری جانب سٹی ٹاؤن کے علاقے گارڈن میں پولیس نے سرچ آپریشن کرکے 15 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران ملزمان کی جانب سے پولیس موبائل کے قریب کریکر حملہ بھی کیا گیا جس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور تمام اہلکار محفوظ رہے۔ زیر حراست ملزمان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ ملزمان جرائم کی مختلف وارداتوں میں ملوث ہیں۔ لیاری کے مختلف علاقون جرائم پیشہ افراد کی اطلاع پر رینجرز اور پولیس نے مشترکہ آپریشن کیا۔ اس دوران مخصوص مقامات اور گھروں کی تلاشی کے دوران دس سے زائد مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔ ملزمان سے حالیہ دہشت گردی کے واقعات کے حوالے تفتیش جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق پولیس اور رینجرز کا مشترکہ آپریشن آپریشن رات بھر جاری رہا۔ دوسری جانب گزشتہ روز وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن کا اشارہ دیا تھا۔ متحدہ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ متحدہ کےخلاف ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ ایک بار پھر شروع کر دیا گیا ہے جبکہ بشیر جان کہتے ہیں کہ اے این پی کے خلاف غیر اعلانیہ آپریشن کیا جا رہا ہے۔ رابطہ کمیٹی کا کہنا ہے حکومت سندھ نے گرفتاری کے لئے رہنماؤں کی فہرست پولیس کو فراہم کی ہے۔ واضع رہے کہ کراچی سٹریٹ کرائمز اور کار لفٹنگ سے لے کر ٹارگٹ کلنگز اور دہشتگردی کی وارداتوں جیسے خطرناک جرائم میں گھرا ہوا ہے۔ اس شہر کے جغرافیے پر نظر دوڑائی جائے تو معلوم ہوگا کہ یہاں ہر مجرم کے لئے کوئی نہ کوئی محفوظ پناہ گاہ موجود ہے۔ اپنے محل و وقوع کے باعث کراچی کے مضافاتی علاقے کالعدم تنظیموں کے گڑھ بن چکے ہیں۔ ان علاقوں میں شامل سہراب گوٹھ اور اس سے متصل آبادیاں، بلدیہ اتحاد ٹائون، منگھو پیر، لانڈھی گلشن بنیر اور گلشن حدید میں یہ دہشتگرد تنظیمیں اپنے پنجے گاڑھے بیٹھی ہیں۔ شہر کے غربی علاقوں میں سرجانی ٹائون، اورنگی ٹائون، ماڑی پور اور نارتھ کراچی ٹارگٹ کلرز کے لئے محفوظ پناہ گاہیں مانی جاتی ہیں۔ ضلع شرقی میں لانڈھی، کورنگی، ملیر اور شاہ فیصل جبکہ ضلع جنوبی میں اولڈ سٹی ایریا، گارڈن، رنچھوڑ لائن اور کھارادر ٹارگٹ کلنگز کے حوالے سے بدنام ہیں۔ ضلع سینٹرل میں خواجہ اجمیر، لیاقت آباد اور پٹیل پاڑہ کے علاقے ٹارگٹ کلرز کے لئے جنت قرار دیئے جا سکتے ہیں۔ دوسری جانب لیاری، ڈالمیا، مواچھ گوٹھ اور ملیر گینگ وار ملزمان کے محفوظ ٹھکانے ہیں۔ شہر قائد میں منشیات فروشی کا ناسور جیکسن، شیریں جناح کالونی، کٹی پہاڑی، لیاری اور نارتھ کراچی کے بعض علاقوں میں موجود ہے۔ شہر قائد میں اسلحے کی ترسیل کے لئے سہراب گوٹھ، بنارس، لیاری اور بلدیہ میں قائم بسوں اور ٹرکوں کے اڈے استعمال ہوتے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.