Latest National, International, Sports & Business News

وزیراعظم،آرمی چیف ملاقات،طالبان سےمذاکرات سمیت اہم امورپرگفتگو

وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سے آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے وزیراعظم ہاؤس میں اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں ملکی سلامتی اور خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف اور آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی کے درمیان جمعہ کو ہونے والی اہم ملاقات میں نئے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے تقرر پر بھی مشاورت کی گئی، نئے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا اعلان ایک سے دو روز میں متوقع ہے۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ دونوں رہ نماؤں کی ملاقات میں کالعدم طالبان سے مذاکرات سے متعلق حکمت عملی پر بھی گفت گو کی گئی۔ ملاقات میں وزیراعظم کے مجوزہ دورہ امریکا پر بھی بات چیت ہوئی۔ دونوں رہ نماؤں کے مابین جمعہ کے روز ہونے والی اہم ملاقات میں پاک افواج کے پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال اور لائن آف کنٹرول کی صورت حال اور سرحدی معاملات پر بھی غور کیا گیا۔ اس سے قبل چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل خالد شمیم وائین نے آج صبح وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سے ملاقات کی۔ دونوں رہ نماؤں کی ملاقات میں وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے جنرل خالد شمیم وائیں کی خدمات کو بھی سراہا۔ جنرل خالد شمیم وائیں رواں ماہ 8 اکتوبر کو اپنے عہدے سے ریٹائرہوں گے، جب کہ آرمی چیف اگلے ماہ نومبر میں اپنے عہدے سے ریٹائر ہو رہے ہیں۔ حالیہ تناظر میں جہاں وزیراعظم کو نئے آرمی چیف اور جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا چناؤ کرنا ہے،وہی ملکی و غیر ملکی حلقوں میں اس ملاقاتوں کو نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے

تبصرے بند ہیں.