اسلام آ باد: کابینہ کی دفاعی کمیٹی نے اہم قومی امور پر فوری فیصلے کے لئے نیشنل سیکیورٹی کونسل کی تشکیل نو کردی جس کے سربراہ خود وزیر اعظم ہوں گے۔ وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت میں دفاعی کمیٹی کےاجلاس میں وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، وفاقی وزیراطلاعات ونشریات پرویز رشید، مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی، نیول چیف ایڈمرل آصف سندھیلہ، پاک فضائیہ کے سربراہ طاہر رفیق بٹ، سیکریٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ آصف یاسین ملک،ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی آئی بی، ڈی جی ایم آئی اور دیگر اعلیٰ سول اور فوجی حکام نے شریک کی۔ کمیٹی کے اجلاس کے دوران اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ماضی کی نسبت ملک کو داخلی طور پر سب سے ز یادہ چیلنجز کا سامنا ہے جس کا سامنا حکومت کے لئے سب سے بڑا چیلنج ہے۔ جس کو مد نظر رکھتے ہوئے دفاعی کمیٹی میں نیشنل سیکیورٹی کونسل کی تشکیل نو کی گئی ، کونسل کے سربراہ خود وزیراعظم ہوں گےجبکہ مسلح افواج کے سربراہان اور مشیر خارجہ نیشنل سیکیورٹی کونسل کے رکن ہوں گے۔ کونسل اہم قومی امور پر فوری فیصلے کرے گی۔ واضح رہے کہ 1998 میں اس وقت کے آرمی چیف جنرل جہانگیر کرامت نے نیشنل سییورٹی کونسل کی تجویز دی تھی تاہم اس وقت بھی وزیر اعظم نواز شریف ہی تھے اور انہوں نے آرمی چیف سے بیان واپس لینے کو کہا تھا تاہم انہوں نے مستعفی ہونے کو ترجیح دی تھی، جس کے بعد پرویز مشرف کو آرمی چیف بنایا گیا تھا انہوں نے نواز شریف کا تختہ الٹ دیا تھا اور نیشنل سیکیورٹی کونسل تشکیل دی تھی تاہم پیپلز پارٹی کی سابق حکومت نے اسے ختم کردیا تھا۔
تبصرے بند ہیں.