کراچی: کالعدم پیپلزامن کمیٹی کے سربراہ اورگینگ وارکے ملزمان طالبان کی جانب سے قتل کی دھمکی سے خوفزدہ ہوکرروپوش ہو گئے ۔ کالعدم تحریک طالبان کے ایک کمانڈرکوشبہ ہے کہ ان کے کچھ لوگوں کومخبری کر کے حساس اداروں کے اہلکاروں کے حوالے کیا گیاہے،رمضان المبارک میں فٹ بال میچ کے دوران بم دھماکابھی اسی سلسلے کی کڑی بتائی جاتی ہے۔تفصیلات کے مطابق کالعدم پیپلزامن کمیٹی کے سربراہ عذیر بلوچ اورلیاری گینگ وار کے مرکزی کردارنور محمد عرف بابا لاڈلا،تاج محمدعرف استادتاجوسمیت اہم کارندے لیاری میں ہی خفیہ مقامات پرروپوش ہوگئے،پولیس ذرائع نے بتایاکہ کالعدم تحریک طالبان کے اہم کارندوں کوشبہ ہے کہ کالعدم پیپلزامن کمیٹی کے سربراہ عذیرجان بلوچ اورنورمحمدعرف بابا لاڈلا نے حساس اداروں کوخوش کرنے کیلیے ناصر پٹھان کوپکڑوایاہے،ناصر پٹھان لیاری کے علاقے عابدآبادکارہائشی اوراس کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے ہے جسے نورمحمد عرف بابا لاڈلا نے اپنے کارندے فیصل پٹھان کی مدد سے حساس اداروں کے حوالے کیا،ناصر پٹھان کو تقریباً 2 ماہ قبل کوئلہ گودام سے نامعلوم افرادایک پرائیویٹ کارمیں لے گئے تھے۔ جبکہ رمضان المبارک سے2 روز قبل دبئی چوک سے2 کاروں میں سوار نامعلوم افراد تحریک طالبان پاکستان سے تعلق رکھنے والے زوہیب بلوچ کواٹھا کر لے گئے تھے جبکہ دیگرکالعدم تحریک طالبان اورلشکرجھنگوی سے تعلق رکھنے والے5 افراد کوبھی نامعلوم کار سواراپنے ساتھ لے گئے۔ ذرائع نے بتایاکہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان ضلع ساؤتھ کے کمانڈرنے اپنے ساتھیوں کے لیاری سے پکڑے جانے کے بارے میں معلومات حاصل کی جب ان کواس بات کے شواہدملے کے ان کے ساتھیوں کولیاری گینگ وارکے کارندوں کی مخبری پرحساس ادارے والے اپنے ساتھ لے گئے اوران کی گرفتاری بھی ظاہر نہیں کی گئی توانھوں نے پہلے پیپلز امن کمیٹی کے سربراہ کو وارنگ دی کے ان کے کارکنوں کو فوری طور پر رہاکرایاجائے۔ذرائع نے بتایا کہ پیپلز امن کمیٹی کے سربراہ کے انکارپرانھیں اور ان کے ساتھیوں پر حملہ کرنے کی دھمکی دی گئی تھی،ذرائع نے بتایا کہ رمضان المبارک میں7اور8 اگست کی درمیانی شب کالعدم تحریک طالبان نے نورمحمدعرف بابالاڈلہ اوران کے ساتھیوں کو مارنے کیلیے موٹر سائیکل میں دھماکا خیز مواد نصب کرکے لیاری بزنجوچوک فٹ بال گراؤنڈکے قریب بابالاڈلا کی جیپ کے قریب موٹرسائیکل کھڑی کردی تھی اورجب فٹ بال کافائنل میچ کے اختتام پربابا لاڈلا جانے کیلیے اپنی گاڑی کے قریب آیا توموٹر سائیکل میں نصب بم ریموٹ کنٹرول کے ذریعے اڑادیا تاہم دھماکے میں بچوں اورگینگ وارکے ملزمان سمیت11افراد ہلاک اور 25 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔ ،ہلاک ہونے والوں میں بابا لاڈلاکا قریبی ساتھی اورموں بولا بیٹایاسر پٹھان بھی ہلاک ہو گیاتھا۔ذرائع نے بتایا کہ کالعدم تحریک طالبان نے ایک مرتبہ پھردھمکی دی ہے ان کے کارکنوں کو ایک ہفتے میں منظرپرنہیں لایا گیاتو وہ لیاری گینگ وارکے ملزمان کو مارنے کیلیے مزید دھماکے کریں گے جبکہ کالعدم تحریک طالبان نے یہ دھمکی بھی دی ہے کہ گینگ وار کے ملزمان کی سرپرستی کرنے والے پولیس افسران واہلکاروں کو بھی نشانہ بنایا جائے گاجس کے باعث پولیس اورگینگ وارکے ملزمان میں خوف ہراس پایاجاتاہے۔
تبصرے بند ہیں.