Latest National, International, Sports & Business News

طالبان سے مذاکرات نہیں ہو رہے، فیصلہ اے پی سی میں کیا جائے گا، چوہدری نثار

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ حکومت کے طالبان سے کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے اور مذاکرات کے حوالے سے میڈیا میں شائع ہونے والی بیشتر رپورٹس میں کوئی حقیقیت نہیں۔ چوہدری نثار نے کہا کہ کچھ لوگ طالبان سے قربت کا حوالہ دے کر طالبان سے مذاکرات کے لئے حکومت کو اپنی خدمات پیش کرتے ہیں اورا سی طرح کچھ لوگ حکومت سے قربت کا حوالہ دے کر طالبان سے رابطے میں رہنے کی کوشش کرتے ہیں، ان تمام چیزوں سے لوگوں میں ابہام اور شکوک و شبہات جنم لیتے ہیں اور یہ تمام چیزیں امن کے عمل کو متاثر کرتی ہیں۔ چوہدری نثار نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ابھی تک طالبان سے مذاکرات کے لئے کوئی پیش قدمی نہیں کی گئی، حکومت اس حوالے سے آل پارٹیز کانفرنس بلائے گی اور تمام سیاسی جماعتوں کو اس معاملے میں اعتماد میں لیا جائے گا۔ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا کہ حکومت کی جانب سے اس حوالے سے پالیسی اور حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے اور حکومت اے پی سی میں تمام جماعتوں کے سیاسی رہنماؤں کے سامنے اپنی پالیسی واضح کرے گی اور تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے ہی اگلے لائحہ عمل کے حوالے سے فیصلہ لیا جائے گا۔

تبصرے بند ہیں.