چلاس: چلاس کے ضلع دیامرمیں طغیانی اورسیلابی ریلوں سے مختلف علاقوں میں تباہی مچ گئی، تھورمیں موسلادھار بارش کے باعث 6 سے زائد مقامات پر سیلابی صورتحال ہے۔رپورٹس کے مطابق سیلائی ریلوں کے باعث متعدد مکانات، زرعی زمینیں، فصلیں اور درخت بہہ گئے، سیلابی ملبہ گھروں میں داخل ہوگیا، تھورکی رابطہ سڑک متعدد مقامات پر بند ہے جس کے باعث ٹریفک کا نظام معطل ہے، جکبہ بجلی بھی منقطع ہوگئی ہے۔نجی کمپنی کے 13 ڈمپر، ایک ایکسویٹر، ایک کریش پلانٹ اور 2 واٹرٹینکر سیلاب میں بہہ گئے۔رپورٹ کے مطابق کھنبری میں زرعی زمینوں، فصلوں، درختوں اور رابطہ سڑک کو شدید نقصان پہنچا، بونرداس میں سیلاب سے شاہراہ قراقرم ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند ہوگئی، مسافر، مال بردار گاڑیاں اور سیاح پھنس گئے، متاثرہ علاقوں میں بجلی کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا، متعدد علاقوں میں رات گئے سے بجلی معطل ہے۔نیاٹ میں شدید سیلاب سے رابطہ سڑک متعدد مقامات پر بند ہے جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے، سیلاب سے نیاٹ کی رابطہ سڑک کو نقصان پہنچا، متعدد مقامات پر ٹریفک معطل ہے، متاثرین نے حکومت سے فوری امداد، بجلی بحال اور سڑکوں کی مرمت کا مطالبہ کیا ہے۔متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا تخمینہ لگانے اور سڑکوں اور پلوں کی بحالی کے لیے متعلقہ اداروں کی کارروائیاں جاری ہیں۔
تبصرے بند ہیں.