Latest National, International, Sports & Business News

شام اور ایل او سی کی صورتحال پر بریفنگ نہ ملنے پر اپوزیشن جماعتوں کا قومی اسمبلی سے واک آؤٹ

اسلام آباد: شام اور لائن آف کنٹرول کی صورتحال پر اعتماد میں نہ لینے پر اپوزیشن جماعتوں پیپلز پارٹی، تحریک انصاف اور ایم کیوایم نے قومی اسمبلی کے اجلاس سے واک آوٹ کیا۔ اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں نے ایوان میں مطالبہ کیا کہ خارجہ پالیسی کے اہم ترین معاملات پر ایوان کو اعتماد میں لیا جائے اور مشیر خارجہ سرتاج عزیز ایوان کو خارجہ پالیسی کے اہم امور پر بریفنگ دیں۔ اپوزیشن جماعتوں کا کہنا تھا کہ شام پر اگر امریکا کی جانب سے حملہ کیا جاتا ہے تو پاکستان کا کیا مؤقف ہو گا اور لائن آف کنٹرول کی صورتحال پر بھی ایوان کو بریفنگ دی جائے۔ قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا کہ اہم معاملات پر ایوان کو اعتماد میں نہ لینا حکومت کی غیر سنجیدگی کا ثبوت ہے، لگتا ہے کہ شام اور ایل او سی کی صورتحال حکومتی بنچوں کے لئے اہمیت نہیں رکھتی۔ تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وقت بہت کم ہے، کیا ایوان کو اس وقت بتایا جائے گا جب امریکا شام پر حملہ کر دے گا، مشیر قومی سلامتی 24 گھنٹے میں اس حوالے سے ایوان کو بریفنگ دیں۔ اپوزیشن کے موقف پر وزیر مملکت برائے دفاعی پیداوار رانا تنویر نے کہا کہ وزیر خارجہ ان معاملات پر ایوان کو بریفنگ دیں گے تاہم وہ اس حوالے سے کوئی تاریخ یا وقت بتانے سے قاصر رہے جس پر اپوزیشن رہنماؤں نے 24 گھنٹوں میں ایوان کو خارجہ پالیسی کے اہم امور پر بریفنگ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے ایوان سے واک آؤٹ کیا۔

تبصرے بند ہیں.