تہران: ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ پاکستان نے امن کے لیے اپنا کردار ادا کیا مگر امریکا پر اعتماد نہیں، مذاکرات کے دوسرے دور میں شرکت کا تاحال کوئی ارادہ نہیں، وفد پاکستان نہیں جائے گا۔ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے نیوز کانفرنس میں کہا کہ ایران امریکا پر یقین نہیں کرسکتا، ایران اپنے مفادات کا تحفظ جاری رکھے گا، امریکا نے ثابت کر دیا وہ سفارتی عمل کو آگے بڑھانے میں سنجیدہ نہیں، امریکا نے جارحانہ اقدام کیے، جنگ بندی کی خلاف ورزیاں کیں، ہمیں اپنی صلاحیتوں پر پورا یقین ہے، امریکا پر اعتماد نہیں، امریکا ماضی سے سبق نہیں سیکھ رہا، موجودہ حالات میں امریکا کے ساتھ بات چیت ممکن نہیں۔اسماعیل بقائی نے مزید کہا کہ امریکا ایران سفارتی عمل میں اس وقت پاکستان واحد ثالث ہے، پاکستان میں پیش کی گئی 10 نکاتی تجویز پر پہلے ہی مذاکرات ہو چکے ہیں، آبنائے ہرمز امریکا اور اسرائیلی حملوں سے پہلے مکمل طور پر محفوظ تھی، امریکا نے بحری ناکہ بندی عائد کر کے ایرانی جہاز پر حملہ کیا۔ان کا کہنا ہے کہ امریکا نے مذاکرات اور جنگ بندی دونوں کی دو مرتبہ خلاف ورزی کی ہے، ایرانی جہاز پر حملہ جنگ بندی اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے، امریکا نے ایران پر حملے کیے، شہریوں کو نشانہ بنایا اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچایا۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ امریکا نے جنگ بندی کے آغاز سے ہی اس کی خلاف ورزی کی جس کی اطلاع پاکستان کو دی گئی، امریکا کی بحری ناکہ بندی جنگ بندی معاہدے کی صریح خلاف ورزی ہے، امریکی پالیسیوں میں کوئی تبدیلی نہیں آئی جس کے نتائج بھی بہتر نہیں ہونگے۔ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ امریکا ایران پر بے بنیاد الزامات لگا رہا ہے، امریکا بجائے مثبت کردار ادا کرنے کے الزام تراشی کا کھیل جاری رکھے ہوئے ہے، امریکا سے سچ بولنے کی توقع کبھی بھی نہیں کی۔ اسماعیل بقائی نے کہا کہ ہمیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، ہمیں معلوم ہے لبنان میں کیا ہو رہا ہے، امریکا کی غلطیوں کا تسلسل خطے کیلئے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے، امریکا میڈیا کے ذریعے متضاد بیانات دے رہا ہے جبکہ ہم نے ایک ہی موقف رکھا۔انہوں نے بتایا کہ امریکا کے خلاف کارروائی جہاز پر موجود عملے اور خاندانوں کی وجہ سے نہیں کر رہے، جہاز پر موجود عملے اور خاندانوں کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں گے، یہ موضوع ہمارے لیے اہمیت رکھتا ہے۔ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ لبنان میں جنگ بندی معاہدے کا حصہ ہے، لبنان میں جنگ بندی کی بنیاد پر ہی ہم نے آبنائے ہرمز کو کھولا تھا، لبنان جنگ بند ی سے متعلق ہم نے امریکی بددیانتی کے کئی اقدامات دیکھے، بدیانتی سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکا جنگ بندی کیلئے سنجیدہ نہیں ہے۔
تبصرے بند ہیں.