Latest National, International, Sports & Business News

امریکی ٹی وی کی ایرانی طیاروں کی موجودگی کی خبر گمراہ کن ہے: دفتر خارجہ

اسلام آباد: پاکستان نے سی بی ایس نیوز کی اُس رپورٹ کو قطعی طور پر مسترد کر دیا ہے جس میں نور خان ایئربیس پر ایرانی طیاروں کی موجودگی کے حوالے سے گمراہ کن اور سنسنی خیز دعوے کیے گئے تھے۔دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ اس نوعیت کی قیاس آرائیوں پر مبنی بیانیہ بظاہر خطے میں استحکام اور امن کے لیے جاری کوششوں کو نقصان پہنچانے کے لیے گھڑا گیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ جنگ بندی کے بعد اور اسلام آباد مذاکرات کے ابتدائی دور کے دوران ایران اور امریکہ سے متعدد طیارے پاکستان پہنچے تاکہ مذاکراتی عمل سے وابستہ سفارتی عملے، سکیورٹی ٹیموں اور انتظامی سٹاف کی نقل و حرکت کو سہولت فراہم کی جا سکے، بعض طیارے اور معاون عملہ آئندہ ممکنہ مذاکراتی ادوار کی توقع میں عارضی طور پر پاکستان میں موجود رہا۔وزارت خارجہ کی جانب سے مزید کہا گیا کہ اگرچہ باضابطہ مذاکرات ابھی دوبارہ شروع نہیں ہوئے، تاہم اعلیٰ سطح پر سفارتی روابط مسلسل جاری رہے ہیں، اسی تناظر میں ایرانی وزیرِ خارجہ کے اسلام آباد کے دوروں کو موجودہ انتظامی اور لاجسٹک سہولیات کے تحت ممکن بنایا گیا، پاکستان میں موجود ایرانی طیارے جنگ بندی کے دوران آئے تھے اور ان کا کسی فوجی ہنگامی صورتحال یا حفاظتی انتظام سے کوئی تعلق نہیں، اس کے برعکس دعوے محض قیاس آرائیاں، گمراہ کن اور حقائق سے مکمل طور پر عاری ہیں۔دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے ہمیشہ ایک غیر جانبدار، تعمیری اور ذمہ دار سہولت کار کے طور پر مکالمے اور کشیدگی میں کمی کی حمایت کی ہے، اسی کردار کے تحت پاکستان نے جہاں ضرورت پیش آئی، معمول کے مطابق انتظامی اور لاجسٹک تعاون فراہم کیا، جبکہ تمام متعلقہ فریقوں کے ساتھ مکمل شفافیت اور مسلسل رابطہ بھی برقرار رکھا۔وزارت خارجہ نے واضح کیا ہے کہ پاکستان خطے اور دنیا میں امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ، کشیدگی میں کمی، اور بامعنی مذاکرات کے لیے کی جانے والی تمام مخلصانہ کوششوں کی حمایت جاری رکھنے کے عزم پر قائم ہے۔

تبصرے بند ہیں.