Latest National, International, Sports & Business News

اسلحہ کی دوڑمیں شامل نہیں،ایٹمی اثاثےمحفوظ ہاتھوں میں ہیں،وزیراعظم

وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے جمعہ کے روز کہوٹہ ایٹمی پلانٹ کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران وزیراعظم کو جوہری اور میزائل پروگرام سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔ کہوٹہ ایٹمی پلانٹ کے دورے کے موقع پر وزیراعظم کے ہمراہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل خالد شمیم وائیں اور آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی بھی موجود تھے۔ وزیراعظم کہوٹہ کی ریسرچ لیبارٹریز بھی گئے جہاں اُنہیں پاکستان کے جوہری اور میزائل پروگرام سے متعلق تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔ دورے کے موقع پر کمانڈر آرمی اسٹریٹیجک فورس کی جانب سے وزیراعظم نواز شریف کو ایٹمی اثاثوں پر بریفنگ دی گئی۔ میاں نواز شریف نے ایٹمی پلانٹ کی کارکردگی کا جائزہ بھی لیا۔ اس موقع پر میاں نواز شریف نے ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا جوہری پروگرام محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام پرامن مقاصد کیلئے ہے۔ ہمارے ایٹمی اثاثے محفوظ ترین ہاتھوں میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امن چاہتا ہےمگر کم ازکم دفاعی صلاحیت برقرار رکھی جائےگی۔ پاکستان کسی ملک کے ساتھ اسلحے کی دوڑ میں شامل نہیں۔ اس موقع پر سربراہ اسٹریٹیجک پلاننگ ڈویژن لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ خالد قدوائی بھی موجود تھے۔

تبصرے بند ہیں.