اسلام آباد:الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔شیڈول کے مطابق اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات 20 دسمبر 2026 (بروز اتوار) کو 2015 کے قانون کے تحت ہوں گے۔انتخابی شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی جمع کرانے کیلئے عوامی نوٹس 30 اکتوبر کو جاری کیا جائے گا، جبکہ امیدواروں سے کاغذات نامزدگی 2 نومبر سے 6 نومبر تک وصول کئے جائیں گے۔امیدواروں کے ناموں کی فہرست 7 نومبر کو شائع کی جائے گی اور کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 9 نومبر سے 13 نومبر تک ہوگی، ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں 14 نومبر سے 18 نومبر تک دائر کی جا سکیں گی، جبکہ ان اپیلوں پر فیصلے 19 نومبر سے 23 نومبر تک کئے جائیں گے۔الیکشن کمیشن کے مطابق امیدواروں کی حتمی فہرست 25 نومبر کو جاری کی جائے گی، امیدواروں کو انتخابی نشانات 26 نومبر کو الاٹ کئے جائیں گے، اسلام آباد میں پولنگ 20 دسمبر کو صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک ہوگی، جبکہ الیکشن کمیشن 21 سے 24 دسمبر تک بلدیاتی انتخابات کے نتائج کا اعلان کرے گا۔انتخابی شیڈول جاری ہونے کے بعد اسلام آباد میں سرکاری افسران کے تبادلوں اور تعیناتیوں کیلئے الیکشن کمیشن کی پیشگی منظوری لازمی قرار دی گئی ہے۔الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ انتخابی عمل کو شفاف اور منصفانہ بنانے کیلئے ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا، عام تعطیل کے باوجود الیکشن کمیشن اور ریٹرننگ افسران کے دفاتر کھلے رہیں گے تاکہ انتخابی امور بروقت نمٹائے جا سکیں۔
تبصرے بند ہیں.