میرپور، آزاد کشمیر:آزاد کشمیر کے انتخابی میدان میں باغ سے بڑا اپ سیٹ سامنے آگیا مسلم کانفرنس کے سربراہ سردار عتیق احمد خان اپنی ہی آبائی نشست ایل اے 14 سے شکست کھا گئے۔ایل اے 14 باغ کے تمام پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق جموں و کشمیر دست و بازو پارٹی کے امیدوار سردار ساجد اقبال نے واضح برتری حاصل کرتے ہوئے کامیابی اپنے نام کرلی۔ساجد اقبال نے 40 ہزار 702 ووٹ حاصل کیے جبکہ سردار عتیق احمد خان کو 19 ہزار 542 ووٹ ملے۔ اس طرح ساجد اقبال نے اپنے حریف سے دگنے سے بھی زیادہ ووٹ حاصل کیے۔یہ شکست اس لیے بھی اہم قرار دی جارہی ہے کہ ایل اے 14 سردار عتیق احمد خان کی آبائی نشست رہی ہے۔ ان کے والد سردار عبدالقیوم بھی ماضی میں اسی نشست سے کامیاب ہوتے رہے ہیں۔باغ اور حویلی کی چار نشستوں پر ہونے والی پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی اور نتائج مرتب کرنے کا عمل جاری ہے تاہم ایل اے 14 کا نتیجہ آزاد کشمیر کی سیاست میں ایک نمایاں انتخابی اپ سیٹ کے طور پر سامنے آیا ہے۔
تبصرے بند ہیں.