ٹیوب ویل پر ملازمت کی رنجش، ایک ہی خاندان کے آٹھ افراد قتل

لاہور( نیوز ڈیسک) خیبرپختونخوا کے ضلع نوشہرہ میں ٹیوب ویل پر نوکری کے تنازع پر فائرنگ کرکے ایک ہی خاندان کے 8 افراد کو قتل کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق مصول خان نامی شخص کا ٹیوب ویل کی نوکری پر اپنے رشتہ داروں کے ساتھ تنازع تھا، انہوں نے اپنی جگہ اپنے بیٹے کو ٹیوب ویل پر نوکری دلوائی تھی۔

تاہم ان کے رشتے دار بیٹے کو نوکری دلانے سے ناخوش تھے اور آج (18 اپریل کو ) مخالفین نے اچانک ان کے گھر پر دھاوا بول دیا۔

واقعے میں مصول خان، ان کے چار بیٹوں سمیت خاندان کے 8 افراد جاں بحق ہوئے جن میں 2 خواتین بھی شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق مصول خان کے گھر پر حملے کے بعد ملزمان جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جبکہ ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

پولیس نے بتایاکہ ریسکیو ٹیموں نے لاشوں اور زخمیوں کو پبی ہسپتال منتقل کردیا ہے۔

علاوہ ازیں پولیس نے واقعے کی تفتیش کا آغاز کردیا ہے جبکہ علاقے میں پولیس کی بھاری نفری بھی موجود ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس اکتوبر میں خیبرپختونخوا کے ضلع مردان میں 7 مرلے کے مکان کے تنازع پر فائرنگ کے نتیجے میں خاتون، 3 بیٹوں اور کم سن نواسی سمیت 5 افراد جاں بحق کو قتل کردیا گیا تھا۔

مردان میں فائرنگ کے نتیجے میں 5 افراد کے قتل کا واقعہ تھانہ صدر کے علاقے گوجر گڑھی نوے کلی میں پیش آیا تھا۔

اس سے قبل پشاور میں جائیداد کے تنازع پر ایک شخص نے فائرنگ کرکے اپنے 2 بھائیوں اور والد کو قتل جبکہ ایک کو زخمی کردیا تھا۔

ملزم کے والد سکندر اور 2 بھائی ثاقب اور مشتاق فائرنگ کے نتیجے میں موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ ایک 4 سالہ بھائی عالم زیب زخمی ہوگیا تھا۔

تبصرے بند ہیں.