غزہ پر ایک بار پھر اسرائیلی جارحیت جاری ہے، صیہونی فوج کی شمالی غزہ میں 2 سکولوں پر بمباری سے 50 سے زائد پناہ گزین فلسطینی شہید ہوگئے۔عالمی میڈیا کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے شمالی غزہ کے علاقے الدرج کے 2 سکولوں کو نشانہ بنایا، حملے میں 50 سے زائد پناہ گزین فلسطینی شہید جبکہ سیکڑوں زخمی ہوئے ہیں، سکولوں میں بے گھر فلسطینیوں نے پناہ لی ہوئی تھی۔رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے بیت لاحیہ، خان یونس، شجاعیہ اور رفاہ میں بھی فلسطینیوں کی پناہ گاہوں، سکولوں، تجارتی مال اور رہائشی عمارتوں پر بھی بمباری کی۔صیہونی فورسز نے غزہ سپریم کورٹ کی عمارت بھی تباہ کر دی، ہسپتال اور ایمبولینس کو بھی نشانہ بنایا۔دوسری جانب غزہ میں اسرائیلی فوج کے حملوں میں شدت آ گئی ہے، دو روز میں 800 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے، اب تک اسرائیلی بمباری میں شہید ہونے والوں کی مجموعی تعداد 16 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔اسرائیلی فوج نے 24 گھنٹوں میں حماس کے سیکڑوں ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے، اسرائیل نے مین فائبر روٹس کاٹ دیں، غزہ میں لینڈلائن، موبائل اور انٹرنیٹ سروس ایک بار پھر معطل ہوگئی ہے۔
تبصرے بند ہیں.