سری نگر: مقبوضہ وادی میں قابض بھارتی فوج کی جارحیت میں مزید 2 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع پونچھ میں قابض بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کیا۔ جس کے دوران داخلی اور خارجی راستے بند جب کہ موبائل اور انٹرنیٹ سروس منقطع کردی گئی۔جارحیت پسند بھارتی فوج نے ایک گھر پر بلاجواز اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دو نوجوان موقع پر ہی شہید ہوگئے۔ نوجوان نہتے تھے اور مقامی کالج میں زیر تعلیم تھے۔انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارتی فوج نے لاشیں لواحقین کے بجائے پولیس کے حوالے کردیں۔ والدین اپنے پیاروں کی لاشوں کے حصول کے لیے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔شہداء کے اہل خانہ اور علاقہ مکینوں نے اس ظلم و بربریت پر شدید احتجاج کرتے ہوئے مودی سرکار کے خلاف اور جدوجہد آزادیٔ کشمیر کے حق میں شدید نعرے بازی کی۔بھارت نواز کٹھ پتلی انتظامیہ کے حکم پر مقامی پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا۔پولیس کے تشدد سے 8 مظاہرین زخمی ہوگئے جب کہ درجن سے زائد کی حالت غیر ہوگئی۔واضح رہے کہ رواں ماہ بھارتی کی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد 5 ہوگئی ہے۔
تبصرے بند ہیں.