ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے سرکاری ملازمین کو اکسانے کے کیس میں فواد چودھری کے خلاف فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی ایک بار پھر مؤخر کر دی۔ایڈیشنل سیشن جج طاہرعباس سپرا نے فواد چودھری کے خلاف سرکاری ملازمین کو اکسانے کے کیس کی سماعت کی جس کے دوران فواد چودھری عدالت پیش ہوئے۔جج طاہر عباس سپرا نے فواد چودھری سے کہا کہ موسم اچھا ہو گیا ہے، فواد چودھری نے جواب دیا کہ موسم تو اچھا ہو گیا ہے، لگے ہوئے ہیں ہم بھی۔فواد چودھری کی جانب سے عدالت میں کیس کی دستاویزات مہیا کرنے کی درخواست دائر کر دی گئی۔فواد چودھری کے وکیل فیصل چودھری نے کہا کہ آج عدالت میں 265 سی کی درخواست دائر کر رہے ہیں، ہمیں تا حال کیس سے متعلق مکمل دستاویزات فراہم نہیں کی گئیں، کیس کی مکمل دستاویزات کی فراہمی ملزم کا حق ہوتا ہے۔پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ہمارے پاس اس وقت کیس کی فائل موجود نہیں، کیس کی فائل دیکھ کر ہی کوئی بیان دے سکتا ہوں۔فواد چودھری کے وکیل فیصل چودھری نے استدعا کی کہ اگلی سماعت کی کوئی لمبی تاریخ دے دیں، 10 محرم کے بعد کی تاریخ دے دیں۔بعدازاں ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا نے درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کر دیا اور فواد چودھری کے خلاف فرد جرم کی کارروائی ایک با رپھر مؤخر اور کیس کی سماعت 14 جولائی تک ملتوی کر دی۔
تبصرے بند ہیں.